پنجاب حکومت کا لاہور میں 1800 مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ

منگل 29 اپریل 2014 12:29

پنجاب حکومت کا لاہور میں 1800 مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29اپریل 2014ء) پنجاب حکومت نے امن و امان کے قیام کے لئے صوبائی دارالحکومت میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں ایک ہزار 800 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت صوبے میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں امن و امان کے قیام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، امن وامان کی صورت حال مزید بہتر بنانے کے لئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے اورجرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ، اس کے علاوہ صوبائی کابینہ کمیٹی بھی صوبے میں امن و امان کی صورت حال کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ لاہور میں جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لئے پہلے مرحلے میں ایک ہزار 800 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے، اس کے علاوہ جرائم کی مؤثر روک تھام کے لئے جدید ترین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا جارہا ہے، جسے شہر بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں نصب جدید سی سی ٹی وی کیمروں سے منسلک کیا جائےگا، اس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو سیٹلائٹ کے ذریعے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز سے بھی منسلک کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :