سندھ اسمبلی اجلاس، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کا لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج

منگل 29 اپریل 2014 12:08

سندھ اسمبلی اجلاس، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کا لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29اپریل 2014ء) سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کے اراکین کا صوبے میں غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا ہے، پیپلزپارٹی کے ارکان نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام سے ہونے والی زیادتی پر وفاقی حکومت سے احتجاج کیا جائے وگرنہ صوبے بھر میں دھرنے دیئے جائیں گے۔ ڈپٹی سپیکر شہلا رضا کی صدارت میں سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا ۔

ایوان میں پیپلزپارٹی کے نواز چانڈیو اور ایم کیو ایم کے محمد حسین اور دیگر نے سندھ میں طویل دورانیہ کی لوڈ شیڈنگ پر احتجاج کرتے ہوئے اسے وفاقی حکومت کا سندھ سے انتقام قرار دیا ۔ ارکان نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت وفاق سے احتجاج کرے اور سندھ کو اس کے حصہ کی بجلی دلائے اگر لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو دھرنے دیں گے ۔

(جاری ہے)

ادھر مسلم لیگ ن کے عرفان اللہ مروت کا کہنا تھا کہ قائم علی شاہ شہباز شریف کی طرح جلوس نکالیں ہم ساتھ دیں گے، ٹھنڈے کمرے میں بیٹھنے والوں کو پتہ چلے کہ لوڈ شیڈنگ کیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے اپوزیشن رکن کے ریمارکس پر استفسار کیا کہ کب جلوس نکالیں ابھی چلیں ۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر ڈپٹی سپیکر کی مداخلت سے صورتحال کنٹرول کر لی گئی ۔ ایک موقع پر ارکان کے بے قابو ہونے پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس ملتوی کرنے کی بھی وارننگ دی۔