صرف کراچی میں ہی نہیں ، پورے سندھ میں پینے کے پانی کا مسئلہ ہے ،شرجیل انعام میمن ، کوشش کر رہے ہیں کراچی میں دستیاب پانی کی تمام علاقوں میں منصفانہ تقسیم کی جائے ،وزیر بلدیاتی سندھ کا نکتہ اعتراض پر بیان

پیر 28 اپریل 2014 22:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اپریل۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صرف کراچی میں ہی نہیں ، پورے سندھ میں پینے کے پانی کا مسئلہ ہے ۔ حکومت سندھ اس مسئلے سے پوری طرح آگاہ ہے اور ہم یہ کوشش کر رہے ہیں کہ کراچی میں دستیاب پانی کی تمام علاقوں میں منصفانہ تقسیم کی جائے ۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے رکن سیف الدین کے نکتہ اعتراض پر بیان دے رہے تھے ۔

سیف الدین نے کہا کہ میرے حلقے میں پانی ناپید ہو گیا ہے ۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر ہم نے عوامی رد عمل کو کنٹرول کرنے کے لیے پمپنگ اسٹیشنز اور لوگوں کے گھروں پر ڈیوٹی دی ہے لیکن اورنگی ٹاوٴن میں ایک مذہبی سیاسی جماعت نے پمپنگ اسٹیشنز پر نہ صرف حملے کیے ہیں بلکہ وہ لوگوں میں بھی اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، جس کی میں مذمت کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے لیے ایم کیو ایم نے جمعہ کو نماز استسقاء ادا کرنے کی اپیل کی ہے ۔ کراچی میں جو بھی پانی ہے ، اس کی منصفانہ تقسیم کی جائے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ سرکاری املاک پر حملے کرے ۔ حکومت روزانہ کی بنیاد پر صورت حال کو مانیٹر کر رہی ہے ۔ ہم کسی چیز سے غافل نہیں ہیں ۔ لوگوں کو پانی کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ ہماری کوشش ہو گی کہ کراچی کے تمام علاقوں کو یکساں طور پر پانی فراہم کیا جائے ۔