نوجوانوں کو منشیات کیخلاف آگاہی کیلئے 8رکنی سائیکلسٹس کا دستہ مظفر گڑھ سے لاہور پہنچ گیا،سپورٹس بورڈ پنجاب پہنچنے پر بورڈ کے حکام نے ان کا استقبال کیا، سائیکلسٹس بدھ کو گوجرانوالہ روانہ ہونگے، 8مئی کو اسلام آباد پہنچیں گے

پیر 28 اپریل 2014 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اپریل۔2014ء) نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے اور اس کے بارے میں آگاہی کے لئے8 رکنی سائیکل سواردستہ مظفر گڑھ سے لاہور پہنچ گیا ۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے عہدیداروں نے مہمان سائیکلسٹس کا استقبال کیا ۔ سائیکلسٹس بدھ کو لاہور سے گوجرانوالہ اور 8 مئی کو اسلام آباد پہنچیں گے ۔ انٹی نارکوٹکس فورس (پنجاب )پاکستان کے زیر اہتمام مظفر گڑھ کے نوجوان سائیکلسٹس کا گروپ نوجوان نسل میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف آگاہی کا عزم لئے اسلام آباد کے سفر پر نکلے ہیں جو پہلے مرحلے میں پیر کے روز مظفرگڑھ سے لاہور پہنچے جہاں پنجاب سپورٹس بورڈ کے نمائندوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔

نیشنل ہاکی سٹیڈیم پہنچنے والے8 رکنی سائیکلسٹس کے دستے کی قیادت لطیف سیال کر رہے تھے جبکہ آنے والے سائکلسٹس میں مٹھو قریشی ، غضنفر عباس ، وقاص بشیر ، غلام عباس ، اللہ بچایا ،اللہ دتہ اور عاصم سیال شامل تھے سائیکلسٹس کا استقبال کرنے والوں میں ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب جلیل احمد چوہان ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد حفیظ بھٹی ، اور تحصیل سپورٹس آفیسر ملک وقار شامل تھے۔

(جاری ہے)

گروپ کی قیادت کرنے والے لطیف سیال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی شہر لاہور پہنچنے پر پنجاب سپورٹس بورڈ نے بہت عزت دی ہے ۔ میڈیا اور سیکورٹی ادارے بھی منشیات کے خلاف ہمارے جہاد کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں جس پر ہماری تمام ٹیم ان کی مشکور ہے ۔ ان کا سفر اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگا ۔وہ پانچ روز میں مظفر گڑھ سے لاہور پہنچے ہیں اور اگلے مرحلے میں براستہ گوجرانوالہ اسلام آباد جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ان کا یہ سفر منشیات کے مضرصحت ہونے بارے عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے ہے اور وہاں سے وفاقی دالحکومت اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم کمپلیکس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس سائیکلسٹس کا استقبال کریں گے۔