کراچی میں سورج آگ برسانے لگا، درجہ حرارت 41 ڈگری پر پہنچنے پرشہری بلبلا اٹھے،اپریل کے آخر میں گرمی کی شدت میں اضافہ معمول کی بات ہے اور گرمی کی لہر آئندہ دو روز مزید جاری رہے گی، محکمہ موسمیات

پیر 28 اپریل 2014 19:55

کراچی میں سورج آگ برسانے لگا، درجہ حرارت 41 ڈگری پر پہنچنے پرشہری بلبلا ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اپریل۔2014ء) شہر قائد میں شدید گرمی کے باعث لوگوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے جبکہ گرمی کا زور توڑنے کے لئے لوگوں نے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھا دیا ہے۔کراچی میں اتوارسے درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے اور پیرکو زیادہ سے درجہ حرارت 41 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر کا رخ کیا جبکہ مختلف پارکوں میں بھی شہریوں نے درختوں کے سائے میں پناہ ڈھونڈی، گرمی کی شدت کے باعث شہر میں مشروبات بیچنے والوں کی چاندی ہوگئی اور شہریوں نے کولڈڈرنک ، گولا گنڈہ، لسی اور ستو کا شربت پی کر گرمی سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کی۔

دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہری طویل لوڈشیڈنگ کے بھی دہرے عذاب میں مبتلا ہوگئے اورشہر کے اکثرعلاقوں میں بغیروجہ بتائے لوڈشیڈنگ کے دورانئے میں اضافہ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اپریل کے آخر میں گرمی کی شدت میں اضافہ معمول کی بات ہے اور گرمی کی لہر آئندہ دو روز مزید جاری رہے گی جس کے بعد درجہ حرات میں 4 سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں سبزیوں کے ساتھ دہی کااستعمال انتہائی مفید ہے، گرمیوں میں لو(ہیٹ اسٹروک)جسم سے پانی اور نمکیات خارج ہونے کی وجہ سے لگتی ہے، ایسی صورت میں متاثرہ افرادکے لئے مشروبات اور لیمو پانی کا استعمال مفید ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :