Live Updates

لاہور ،شاہدرہ میں ڈھائی سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا ،وارث روڈ کے مین ہول سے سات سالہ بچی کی لاش برآمد ، ڈھا ئی سالہ بچے کے ورثاء کاواسا کی نا اہلی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ ،وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے دونوں واقعات کا نوٹس لے لیا،ایم ڈی واسا کاانکوائری کا حکم ،خواجہ عمران نذیر اور ڈی سی او کی مناہل کے گھر آمد، متاثرہ خاندانوں کیلئے پانچ ‘ پانچ لاکھ مالی امداد کا اعلان

پیر 28 اپریل 2014 19:31

لاہور ،شاہدرہ میں ڈھائی سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اپریل۔2014ء) صوبائی دارالحکومت کے نواحی علاقہ شاہدرہ میں ڈھائی سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا جبکہ وارث روڈ کے مین ہول سے سات سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے ، ڈھا ئی سالہ بچے کے ورثاء نے واسا کی نا اہلی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دونوں واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی جبکہ متاثرہ خاندانوں کیلئے پانچ ‘ پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علاقہ فرخ آباد میں ڈھائی سالہ زین اپنے بڑے بھائی کے ہمراہ گلی میں کھیل رہا تھا کہ اس دوران اس کا بھائی گھر چلا گیا جبکہ زین کھلے مین ہول میں جا گرا ۔ اہل خانہ محلے میں بچے کی تلاش کرتے رہے تاہم شک گزرنے پر کھلے مین ہول کا جائزہ لیا گیا تو بچہ نظر آ گیا جس پر ریسکیو 1122نے آپریشن کرکے بچے کی لاش باہر نکالی ۔

(جاری ہے)

زین کے ورثاء نے واسا کی نا اہلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت سے غفلت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ علاوہ ازیں وارث روڈکے علاقہ سے کھلے مین ہول سے سات سالہ بچی مناہل کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دونوں واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ڈی سی او ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے شاہدرہ کے علاقہ فرخ آباد میں کھلے مین ہول میں گر نے سے بچے کی ہلاکت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکمے سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ایم ڈی واسا ڈاکٹر جاوید اقبال نے ڈی ایم ڈی آفتاب احمد ڈھلوں کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر فوری رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور ڈی سی او ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سات سالہ مناہل کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے انکی رہائشگاہ پر پہنچ گئے ۔ اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے دونوں متاثرہ خاندانوں کے لئے وزیر اعلیٰ کی طرف سے پانچ ‘ پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات