خیبر ایجنسی ، نامعلوم افراد کا نیٹو سپلائی لے جانے والے کنٹینر پر حملہ ، چھ افراد زخمی

پیر 28 اپریل 2014 16:35

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28اپریل 2014ء) خیبر ایجنسی میں نامعلوم افراد نے پیر کی صبح نیٹو کی سپلائی لے جانے والے ایک کنٹینر پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نیٹو کنٹینر پر یہ حملہ پاک افغان ہائی وے پر کیا گیا جس کی زد میں آکر دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق شدت پسندوں نے نیٹو کنٹینر نمبر 311-ٹی ایل کے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کنٹینر کا ڈرائیور طاہر شاہ اور اس کے ساتھی زخمی ہوگئے۔

حملے کے بعد خاصہ دار فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا حکام کے مطابق حملے میں دیگر دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، جن میں سوار چار افراد زخمی ہوگئے۔فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا عمل شروع کردیا واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے تقریباً 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔