طالبان سے مذاکرات کی پالیسی کاخمیازہ فورسزاور معصوم شہری بھگت رہے ہیں، الطاف حسین

پیر 28 اپریل 2014 15:12

طالبان سے مذاکرات کی پالیسی کاخمیازہ فورسزاور معصوم شہری بھگت رہے ..

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28اپریل 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کی حکومتی پالیسی کا خمیازہ پولیس، سیکیورٹی فورسز اور ملک کے معصوم شہری بھگت رہے ہیں۔ لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردوں نے کراچی کو نشانہ بنایا ہواہے ،روزانہ بم دھماکوں، خودکش حملوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے کراچی کے معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے، سفاک دہشت گرد عناصر ایک جانب پولیس افسروں اورجوانوں پرحملے کررہے ہیں اور دوسری جانب مساجد،امام بارگاہوں اور مدارس کو نشانہ بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے طالبان سے مذاکرات اورمصالحت کی جوپالیسی اختیارکی ہوئی ہے اس کا خمیازہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوان اور ملک کے معصوم شہری بھگت رہے ہیں جنہیں خاک وخون میں نہلایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے فرنٹیئرکالونی میں مدرسے پر بم دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ مدرسے کے معصوم طلبہ کوشہید کرکے دین کی کون سی خدمت کی گئی ہے۔ انہوں نے صدر منمون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔