Live Updates

ملک میں خون خرابے کے بغیر امن کا قیام پوری قوم کی خواہش ہے ‘ عمران خان،عوام کے نام پر اقتدار میں آنیوالے عوام کی مشکلات میں کمی کی بجائے ان میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں ، انٹرویو

اتوار 27 اپریل 2014 21:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں خون خرابے کے بغیر امن کا قیام پوری قوم کی خواہش ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ مذاکرات انتہائی پیچیدہ اور صبر آزما معاملہ ہے لیکن دونوں طرف سے دانشمندی اور سنجیدگی سے اسکے جلد نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ، قومی ادارے ہمارے دفاع کی ضمانت ہیں او رپوری قوم انکی پشت پر ہے ، تحریک انصاف آزاد ی صحافت پر یقین رکھتی ہے لیکن اسکے قواعد و ضوابط ہونے چاہئیں ۔

اپنے ایک انٹر ویو میں عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ایک سال کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے اور اس عرصے میں عوام کو ذرا برابر ریلیف نہیں دیا گیا ۔ عوام کے نام پر اقتدار میں آنے والے عوام کی مشکلات میں کمی کی بجائے ان میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں جسکی وجہ سے عوام شدید مایوس ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 11مئی کے احتجاج کے لئے تیاریاں جاری ہیں اور عوام تحریک انصاف کی آواز پر لبیک کہنے کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن کے قیام کے لئے مذاکرات کے سلسلے کو آگے بڑھتے رہنا چاہیے ۔ پوری قوم کی خواہش ہے کہ ملک میں خون خرابے کے بغیر امن کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ عمران خان نے کہا کہ دہشتگرد ی کے خلاف جنگ میں عوام ،سکیورٹی اداروں اور پولیس کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :