وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار مدد نہیں کرسکتے تو زخموں پر نمک بھی نہ چھڑکیں، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، اداروں میں ٹکراؤ کسی طور درست نہیں۔ آئین وقانون پر عمل کرنے سے انصاف ملے گا،چودھری نثار اپنے بیان سے مکر گئے ہیں۔ علی حیدر گیلانی کے معاملے پر سیاست نہ کی جائے ، صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو

اتوار 27 اپریل 2014 19:57

وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار مدد نہیں کرسکتے تو زخموں پر نمک بھی نہ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل۔2014ء) سابق وزیر اعظم اورپاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار مدد نہیں کرسکتے تو زخموں پر نمک بھی نہ چھڑکیں، علی حیدر گیلانی کی اس وڈیو جسکا واویلا کیا جارہا ہے وہ قوم کے سامنے لائی جائے۔اتوار کو کراچی کے صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے نام پر ان کے قیدی حوالے کردیئے گئے لیکن جب ہماری باری آئی تو چودھری نثار آئیں بائیں شائیں کرنے لگے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو سمجھانے کی ضرورت نہیں ۔ علی حیدر گیلانی سے متعلق انھیں سب تفصیلات بتائی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ آج تک تاوان کے لیے کسی نے رابطہ نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

صرف ایک فون کال موصول ہوئی تھی جس میں اغواکاروں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ہمارے قیدی رہاکراو تو میں نے کہا کہ میں وزیراعظم نہیں ۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کی ایک وڈیو میرے پاس ہے جس میں حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ مجھے مجاہدین نے اغوا کیا ہے ۔

علی حیدر گیلانی نے اتنے عرصے میں آسمان تک نہیں دیکھا۔ قبائلی روایات کے مطابق یہ ممکن نہیں کہ حیدر گیلانی طالبان کے کسی گروپ کے پاس نہ ہو ۔چودھری نثار کے حوالے سے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگر وزیر داخلہ چودھری نثار ہمارے خاندان کی مدد نہیں کرسکتے تو زخموں پر نمک پاشی بھی نہ کریں۔ پوری قوم علی حیدر گیلانی کی وہ وڈیو دیکھنا چاہتی جسکا آج کل واویلا کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے حکومت عسکری اداروں اور انٹیلی جنس سے مدد کی بھی درخواست کی۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ اداروں میں ٹکراؤ کسی طور درست نہیں۔ آئین وقانون پر عمل کرنے سے انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع ہوئے ہیں۔ طالبان کمیٹی کی جانب سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حکومت نے قیدیوں کی رہائی کے لیے کوئی نام نہیں دیا۔ چودھری نثار اپنے بیان سے مکر گئے ہیں۔ علی حیدر گیلانی کے معاملے پر سیاست نہ کی جائے ۔آج میرا بیٹا اغوا ہے تو کل خدانخواستی کسی اور کے بیٹے کے ساتھ ایسا ہوسکتا ہے۔