چار پسماندہ اضلاع میں ہیلتھ انشورنس کارڈ کے اجراء کا منصوبہ شروع کر دیا ، مشیر صحت ،وزیراعلی معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیساتھ ڈینگی اور خسرے سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہیں‘ سلمان رفیق

اتوار 27 اپریل 2014 19:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل۔2014ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف صوبے کے عوام کوجدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ڈینگی اور خسرے جیسی وباؤں سے محفوظ رکھنے کیلئے پر عزم ہیں،حکومت پنجاب نے عوام کیلئے طبی سہولیات کا نظام بہتر بنانے کیلئے شہریوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ کے اجرا کا منصوبہ بھی شروع کر دیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں چار پسماندہ اضلاع میں عوام کو یہ کارڈز جاری کیے جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار مشیر صحت وزیر اعلی پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے گزشتہ روز جنرل ہسپتال میں پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ایسٹر کے سلسلے میں مسیحی ملازمین کے اعزاز میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ، اقلیتی ارکان اسمبلی شکیل کھوکھر، شہزاد منشی، ایم ایس ڈاکٹر پرویز امتیاز، یوسف بلا، رحمت سندھو، رانا پرویز، ارشد بٹ، امین سلامت، منور سہوترا ، امانت ساغر سمیت ڈاکٹر نرسز اور پیرامیڈیکس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے اپنے خطاب میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت شہریوں میں حفظان صحت کے اصولوں کو اجاگرکرنے کیلئے طبی ماہرین پر مشتمل پینل کی تشکیل کو سراہا۔ انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں مخیر حضرات کے تعاون سے فلاح و بہبود کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ عوامی مسائل کے حل کی کوششوں میں صاحب ثروت افراد کو بڑھ چڑھ کر حکومتی کوششوں کا ساتھ دینا چاہیے اورپورے معاشرے کو اجتماعی طورپر دکھی انسانیت کی خدمت کا بیڑہ اٹھانا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :