قومی تیر اندازی چمپئن شپ 5 مئی کو کھیلی جائے گی، چمپئن شپ میں بہترین کارکردگی دکھانیوالے8 تیر انداز تربیتی کیمپ کیلئے منتخب کئے جائینگے، جو ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی کرینگے

اتوار 27 اپریل 2014 14:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل۔2014ء)پنجاب آرچری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور پاکستان آرچری فیڈریشن کے تعاون سے قومی تیر اندازی چیمپئن شپ 5 مئی سے پنجاب سٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری ویصال خان نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان آرچری فیڈریشن کے صدر اور پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن چمپئن شپ کا افتتاح کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ میں پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن ، پاکستان ریلویز، پاکستان نیوی ، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور فاٹا کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے آٹھ تیر اندازوں کو تربیتی کیمپ کے لئے منتخب کیا جائے گا جو رواں برس ستمبر میں کوریا میں کھیلی جانے والی ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔