سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے حزب اختلاف کی جماعتوں کا اجلاس، مسلم لیگ فنکشنل نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لئے شہریار مہر کو نامزد کردیا ،نجی ٹی وی کا دعویٰ

ہفتہ 26 اپریل 2014 23:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اپریل۔2014ء) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے حزب اختلاف کی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہفتہ کو مسلم لیگ فنکنشل سندھ کے صدر پیر صدر الدین راشدی کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیاگیاکہ اپوزیشن لیڈرمشاورت سے چنا جائے گاجبکہ نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ پیرپگارانے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لئے شہریار مہر کو نامزد کردیا ہے ۔

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ارباب غلام رحیم اور پاکستان تحریک انصاف کے سید حفیظ الدین سے دیگررہنماؤں نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی حکومت میں شمولیت کے بعد اب مسلم لیگ فنکشنل، تحریک انصاف اور مسلم لیگ( ن) کی مشترکہ طور پر اسمبلی میں 25نشستیں ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قائد حزب اختلاف کی نامزدگی کے لیے مسلم لیگ فنکنشل سندھ کے صدر پیر صدر الدین راشدی کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ پر ہفتہ کواجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے یوئے مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر پیرصدرالدین راشدی نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کے لیے تمام جماعتوں نے اپنی اپنی تجویز دی ہے۔ حتمی فیصلہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد چند روز میں کیا جائے گا۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما ارباب غلام رحیم نے کہاکہ ایم کیو ایم کا حکومت میں جانے کا فیصلہ درست نہیں ہے ۔تحریک انصاف کے رہنما حفیط الدین کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک متحد اپوزیشن کا قیام ضروری ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کا کہنا تھا کہ یوں تو اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کی تعداد کم ہے لیکن متحدہ اپوزیشن عوام کی آواز ارباب اختیار تک پہنچانے اور مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔دوسری جانب نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ مسلم لیگ فنکشنل نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لئے شہریار مہر کو نامزد کردیا ہے جس کی پیرپگارا نے منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کے بعد اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لئے مسلم لیگ فنکشنل، مسلم لیگ(ن)اور تحریک انصاف کا اجلاس پیرصدرالدین راشدی کی رہائش گاہ پر ہوا تاہم اس اجلاس سے قبل ہی پیرپگارا نے فنکشنل لیگ کے شہریار مہر کی اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزدگی کی منظوری دے دی ہے۔واضح رہے کہ ایم کیوایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کے بعد سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نشست خالی ہوئی جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے پیرپگارا کی مکمل حمایت کرتے ہوئے انہیں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چننے کا اختیار دیا جس پر شہریار مہر کا نام منتخب کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :