ریاست عوام کے جان و مال ، عزت و آبرو کے تحفظ کی ضامن ہے، قانون شکن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،لیویز اور پولیس کے استعداد کار کو بڑھانے کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان ،عام شہری کی حفاظت اور انہیں تحفظ کا احساس بھی فراہم کیا جائے،امن و امان سے متعلق اجلاس میں پولیس اور انتظامیہ کو ہدایات

ہفتہ 26 اپریل 2014 20:49

ڈیرہ مراد جمالی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اپریل۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ریاست عوام کے جان و مال ، عزت و آبرو کے تحفظ کی ضامن ہے، قانون شکن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نصیر آباد ڈویژن میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، وزیر اعلیٰ کو نصیر آباد ڈویژن میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے متعلق بتایا گیا کہ اغواء برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتی سمیت دیگر جرائم میں واضع کمی آئی ہے، جبکہ اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان کو تفصیلی آگاہ کیا گیا ، اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ عام شہری کی حفاظت اور انہیں تحفظ کا احساس بھی فراہم کیا جائے، لیویز اور پولیس کے استعداد کار کو بڑھانے کے لئے انہیں اسلحہ، گاڑی ،بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر ضروری وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جہاں بھی لیویز اور پولیس میں کمزرویاں آئیں گی تو اس کے نتیجہ میں قانون شکن عناصر طاقتور ہوں گے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس اور انتظامیہ کو سیاسی مداخلت سے نکال کر میرٹ اور شفافیت کے نظام کو رائج کر رہی ہے، اب انتظامیہ اور پولیس بھی معاشرے کے عام شہری کو ریلیف دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، وزیر اعلیٰ نے پولیس اور انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ نصیر آباد ڈویژن میں جرائم سے متعلق مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کریں، انہوں نے کہا کہ مقدمات میں نامزد ملزمان کا آزاد گھومنا قانون کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، اس موقع پر کمشنر نصیر آباد ڈویژن، ریجنل پولیس آفیسر نصیرآباد، ڈی سی نصیر آباد، ڈی سی جعفر آباد، ڈی سی جھل مگسی ، ڈی سی کچھی، ڈی سی صحبت پور، نصیر آباد ڈویژن کے ڈی پی اوز نے امن و امان سے متعلق وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔