ملکی حالات میں بہتری لانے کے لیے طالبان سے مذاکرات کیے،پرویز رشید

ہفتہ 26 اپریل 2014 13:50

ملکی حالات میں بہتری لانے کے لیے طالبان سے مذاکرات کیے،پرویز رشید

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26اپریل 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹرسینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملکی حالات میں بہتری لانے کے لیے طالبان سے مذاکرات کررہے ہیں، خون خرابے کے بغیر امن کی منزل تک پہنچنا چاہتے ہیں، دوست ممالک نے ہر مشکل کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا، سیاست اورصحافت آج اس دورمیں داخل ہوچکے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی ہے، وہ دن گزرگئے جب میڈیاکی آزادی کو دبایا جاتاتھا ،گزشتہ روز یہاں ایک تقریب سے خطاب اورمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات وقومی ورثہ سینیٹرپرویز رشید نے کہاکہ آج پاکستان کی پہچان مہذب اورجمہوری ریاست کے طورپرہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ آج سیاست اور صحافت ایک نئے دور میں داخل ہوچکے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وہ وہ دن گزرگئے جب میڈیاکی آزادی کودبایاجاتاتھا، انہوں نے کہا کہ آج ریاست،سیاسی جماعتوں اورمعاشرے نے ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی اصلاح کی ہے اور یہ بات خوش آئندہے کہ حالیہ حالات سے متاثرین آج قانون اورآئین کاراستہ اختیارکررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات سے متاثرہ افراد نے آئین اور قانون کا راستہ اختیارکرتے ہوئے پیمراسے رابطہ کیا اوردرخواست داخل کی، آئینی طریقہ کارسے درخواست داخل کرناخوش آئند ہے،بعدازاں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ طالبان سے مذاکرات مفید ثابت ہورہے ہیں جہاں پہلے روزانہ کئی کئی بم دھماکے ہوتے تھے مگر اب کبھی کبھارہی کوئی دھماکہ ہوتاہے،پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مذاکراتی عمل میں کوئی خلل نہ پڑے، جو عناصر مذاکرات میں خلل ڈالنا چاہتے ہیں انھیں روکنے کے اقدامات کریں گے،انہوں نے کہاکہ ملکی حالات میں بہتری لانے کے لیے طالبان سے مذاکرات جاری ہیں، خون خرابے کے بغیر امن کی منزل تک پہنچنا چاہتے ہیں،ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے ہر مشکل کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا۔

متعلقہ عنوان :