فاٹا کے حالات کی بہتری کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے ،مہتاب خان عباسی ، حالات کی بہتری کیلئے تمام قبائل کو اعتماد میں لے کر آگے چلیں گے ، تقریب سے خطاب

جمعرات 24 اپریل 2014 20:56

ہری پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2014ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر مہتاب خان عباسی نے کہا ہے کہ فاٹا کے حالات کی بہتری کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے ، حالات کی بہتری کیلئے تمام قبائل کو اعتماد میں لے کر آگے چلیں گے۔ یہ بات انہوں نے ہری پور میں 110واں میلہ جشن ہزارہ کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر اکبر ایوب خان‘ چیئرمین ضلعی ترقیاتی و ممبر صوبائی اسمبلی‘ فیصل زمان‘ ایم پی اے راجہ فیصل زمان‘ سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان‘ ضلعی انتظامیہ و ضلعی سپورٹس کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

گورنر مہتاب خان نے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی پروگرام ہونے چاہئیں کیونکہ ہماری روایت ہے جبکہ ثقافتی میلے زندہ دل قوموں کی شان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پچھلے دس سے بارہ سالوں میں ایسی جنگ میں شامل ہوا ہے جو ہماری نہیں تھی جس سے ہماری معیشت تباہ ہوئی ہے‘ ہم اپنے آپ کو باوقار قوموں کی صف میں شامل کرکے اس جنگ سے نکلنے کی کوششیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے حالات میں بہتری لائیں گے‘ قبائلی علاقے مشکل حالات سے گزر رہے ہیں‘ تمام قبائل کو اعتماد میں لے کر کام کریں گے‘ فاٹا کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :