پی ایس 35 لاڑکانہ اور کے پی کے 86 سوات میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

جمعرات 24 اپریل 2014 13:22

پی ایس 35 لاڑکانہ اور کے پی کے 86 سوات میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

لاڑکانہ / سوات(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24اپریل 2014ء) سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 35 اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 86 سوات میں ضمنی انتخابات کےلئے پولنگ جاری ہے۔ سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے دو حلقوں پر ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا آغاز 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ لاڑکانہ سے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 35 پر پیپلزپارٹی کے سہیل انور سیال اور آزاد امیدوار شفقت انڑ کے درمیان مقابلہ ہے، اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار816 سے زائد ہے جن کے حلقے بھر میں 118 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

سوات سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ کے پی کے 86 پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار614 ہے جن کے لئے 85 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، اس نشست پر تحریک انصاف کے ڈاکٹر حیدر علی خان، جے یو آئی (ف) اور اے این پی کے مشترکہ اُمیدوار علی شاہ خان ایڈوکیٹ، مسلم لیگ (ن) کے سردار خان ، پیپلز پارٹی کے محمد شاہی خان اور پاکستان ملی عوامی پارٹی کے مختیار خان یوسف زئی کے درمیان مقابلہ ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پی ایس 35 پر عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار الطاف حسین انڑ جبکہ کے پی کے 86 سوات سے مسلم لیگ (ن) کے قیموس خان کامیاب ہوئے تھے تاہم دونوں امیدواروں کو اثاثوں کی تفصیلات چھپانے، جعلی ڈگری اور دھاندلی ثابت ہونے پر نااہل قرار دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :