پاک بھارت ہاکی سیریز کی بحالی ،معاملات بڑھانے کیلئے بھارت میں نئی حکومت کے قیام کا انتظار کرنا پڑیگا ،اختر رسول

جمعرات 24 اپریل 2014 12:46

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24اپریل 2014ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختررسول نے کہا ہے کہ پاک بھارت ہاکی سیریز کی بحالی کے معاملات آگے بڑھانے کیلئے بھارت میں نئی حکومت کے قیام کا انتظار کرنا پڑیگا ،ہاکی فیملی میں رنجشیں اور دوریاں ختم ہو چکی ہیں ، مل جل کر کام کرینگے تو ہاکی عروج پر پہنچ جائیگی ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ جوہر ٹاؤن اسٹیڈیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہاکی میں ابھی دم خم موجود ہے، نئے پلیئرزکے ٹیلنٹ کو ضائع ہونے سے بچا لیا گیا تو وہ وقت دور نہیں جب ہم قومی کھیل کا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

اختر رسول نے کہا کہ پی ایچ ایف نے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے ملک بھر میں ٹرائلز کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، میری سلیکٹرز اور کوچز کو ہدایت ہے کہ وہ کسی کی بھی سفارش کی پرواہ کیے بغیر صرف اور صرف میرٹ پر ٹیموں کا انتخاب کریں، اگر کسی پر بھی سیاسی یا سماجی شخصیت کی طرف سے دباؤ ڈالا جائے تو براہ راست مجھ سے بات کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاک بھارت ہاکی سیریز کی بحالی کے معاملات آگے بڑھانے کیلئے بھارت میں نئی حکومت کے قیام کا انتظار کرنا پڑے گا، وزیر اعظم نواز شریف کو اپنے پلان سے آگاہ کرچکے، پڑوسی ملک میں الیکشن کے مکمل ہونے کے بعد مزید پیش رفت ہوگی۔

مینجمنٹ میں تبدیلیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ہاکی فیملی میں رنجشیں اور دوریاں ختم ہوگئیں، قومی کھیل کو بہتری کی طرف گامزن کرنے کیلیے سب ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوچکے ہیں، مل جل کر کام کرینگے تو ہاکی ایک بار پھر عروج کی طرف گامزن ہوگی۔

متعلقہ عنوان :