فوج اور حکومت کے درمیان کوئی تناؤ نہیں ، دونوں ایک پیج پر ہیں ، مذاکرات ناکام ہوئے تو آپریشن ہوگا ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار

بدھ 23 اپریل 2014 14:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23اپریل 2014ء) وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت کے درمیان کوئی تناؤ نہیں ، دونوں ایک پیج پر ہیں ، مذاکرات ناکام ہوئے تو آپریشن کیلئے تیار ہیں ،پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 30 ستمبر سے پہلے 15 بلین ڈالرز تک پہنچ جائینگے ،پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے ، انشاء اللہ آگے بھی اچھی خبریں ملیں گی ۔

ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے ہماری نیت صاف ہے اور ہم صاف نیت کے ساتھ ملک اور قوم کی خدمت کررہے ہیں ڈالر نیچے لائے ہیں انشاء اللہ آگے بھی اچھی خبریں ملیں گی حکومت اور فوج کے درمیان تناؤ کی خبروں کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہاکہ حکومت اور فوج طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی نتاؤ نہیں ہے مذاکرات کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہاکہ خدانخواستہ مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے یا کوئی ڈیڈ لاک ہوتا ہے تو پھر ہمارے ادارے بھی آپریشن کیلئے تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر 30 ستمبر سے پہلے 15بلین ہوجائیں گے ،ہم نے یوروبانڈز کا اجراکیا ہے کیونکہ عالمی سرمایہ کار کو گارنٹی درکارہوتی ہے اورہماری عالمی ریٹنگ بھی کم ہے۔ڈالر کی قیمت کم ہونے سے پاکستان کے آٹھ سو ارب روپے قرض کم ہوئے ہیں ۔پہلے ہم 108 اور 109 روپے کا ڈالر خرید کر قرض کی قسط ادا کرتے تھے اب ہم 98 روپے کا ڈالر خرید کر قسط اداکرینگے ۔

متعلقہ عنوان :