تھری جی، فور جی ٹیکنالوجی، انقلاب کی دستک، روزگار کے لاکھوں مواقع میسر ہوں گے

بدھ 23 اپریل 2014 12:00

تھری جی، فور جی ٹیکنالوجی، انقلاب کی دستک، روزگار کے لاکھوں مواقع میسر ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23اپریل 2014ء) پاکستان میں کمیونی کیشن ٹیکنالوجی بدھ کو ایک نئے عہد میں داخل ہوگی، نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی کیلیے نیلامی کا انعقاد پاکستان میں روزگار کے لاکھوں نئے ذرائع مہیا کرنے اور معاشی استحکام کی منزل کی جانب ایک اہم قدم ہے، نئی ٹیکنالوجی سے پاکستان میں براڈ بینڈ کا دائرہ کار وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔

غیرملکی کنسلٹنگ کمپنی (پلم کنسلٹنگ) کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی کی آمد براڈبینڈ کی موجودہ2 فیصد سے بھی کم شرح نفوذ کو 3 سال میں 10فیصد تک پہنچادے گی جس سے پاکستان کی معیشت کو بھی بھرپور فائدہ ہوگا، پاکستان میں نئی ٹیکنالوجی کی آمد سے 9لاکھ سے زائد روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، 2014 میں کامیاب نیلامی کی صورت میں 2020 تک پاکستان میں براڈ بینڈ کی شرح نفوذ بہتر ہونے سے جی ڈی پی میں سالانہ 380 ارب روپے سے 1180 ارب روپے کا فائدہ ہوگا، ٹیکسز کی مد میں 23 ارب سے 70 ارب روپے تک کی آمدن ہوگی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق زراعت، صنعت اور سروس سیکٹر میں روزگار کے 9لاکھ سے زائدنئے مواقع پیدا ہوں گے۔

تیز رفتار انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروس کے ذریعے فیلڈ سے ہیلتھ ڈیٹا مرتب کرنے اور ٹیلی میڈیسن کے ذریعے دور دراز علاقوں تک طبی سہولتوں کا دائرہ وسیع کرنے میں آسانی ہو گی، اسی طرح تعلیم کو عام کرنے میں مدد ملے گی، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی اور مٹی کے نمونوں کے لائیو تجزیے اور ماہرین سے بذریہ ویڈیو کالنگ زرعی مشاورت آسان ہوگی، نئی ٹیکنالوجی طرز حکمرانی بہتر بنانے اور پبلک یوٹیلٹی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی جبکہ سوسائٹی اور انفرادی سطح پر سیکیورٹی کے نظام کو جدید خطوط پراستوار کرنے میں مدد ملے گی، سم بیسڈ سی سی ٹی وی کیمروں پر مشتمل نگرانی کے نظام سے کم وسائل میں موثر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔

متعلقہ عنوان :