وزیر داخلہ کی سربراہی میں حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس آج ہو گا

بدھ 23 اپریل 2014 11:42

وزیر داخلہ کی سربراہی میں حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23اپریل 2014ء) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی سربراہی میں حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا۔ حکومتی طالبان کی رابطہ کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا جس میں مذاکرات میں اب تک ہونے والے پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں طالبان کی جانب سے فائربندی کے خاتمے کے بعد کی صورتحال اور سویلین قیدیوں کی رہائی کے معاملات پر گفتگو بھی متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق یہ ملاقات انیس اپریل کو ہونا تھی تاہم وزیر داخلہ کی مصروفیات کے باعث نہیں ہو سکی۔اس سے پہلے طالبان کی طرف سے غیرعسکری قیدیوں کی رہائی اور پیس زون کے مطالبے کے باعث جنگ بندی میں مزید توسیع نہ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے تھے۔دوسری طرف طالبان کمیٹی کے رکن مولانا یوسف شاہ نے کہا ہے کہ حکومت اور طالبان کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا تعطل ختم کرنے پر بات ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ جنگ بندی میں توسیع کے حواکے سے طالبان سے بات چیت جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :