تھری جی ،فور جی لائسنس کے لیے 425 ملین ڈالر کی پیشکش

بدھ 23 اپریل 2014 11:37

تھری جی ،فور جی لائسنس کے لیے 425 ملین ڈالر کی پیشکش

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23اپریل 2014ء) پاکستان میں تھری اور فور جی سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے آن لائن بولی شروع ہو گئی ، ایک کمپنی نے 425 ملین ڈالر کی پیشکش کر دی ہے۔ تھری جی اور فور جی سپیکٹرم کی نیلامی صبح گیارہ بجے اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں شروع ہوئی جس میں ملک کی چار بڑی موبائل کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں ، نیلامی کا عمل آن لائن ہے جس کے لیے خصوصی سافٹ وئیر سمرا استعمال کیا جا رہا ہے۔

نیلامی کا یہ جدید طریقہ امریکا، سوئیڈن، ناروے، ہانگ کانگ اور کینیڈا میں اختیار کیا جا رہا ہے جس میں پیش کش کرنیوالی کمپنیوں کیلئے رازداری کیساتھ دانشمندانہ فیصلے کرنے کی گنجائیش موجود ہے اور کمپنیاں اپنے صدر دفاترمیں بیٹھ کر نیلامی میں حصہ لے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

نیلامی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کو مخصوص کلر کوڈ جاری کیے گئے ہیں ۔ نیلامی کے دوران بولی دینے والی کمپنیاں نام کے بجائے مخصوص رنگ کے ذریعے ظاہر ہو رہی ہیں ۔

نیلامی میں حصہ لینے والی دیگر پارٹیوں کو یہ معلوم نہیں ہوسکے گا کہ بولی کس آپریٹر کی طرف سے لگائی گئی ہے ۔ ہر بولی کے درمیان 45منٹ کا وقفہ دیا جائے گا جبکہ ہر اگلی بولی کا پہلے والی بولی سے کم از کم 3فیصد زیادہ ہونا لازمی ہوگا تاہم نیلامی کے آخری مرحلے میں اس شرط کا اطلاق نہیں ہوگا ۔ پی ٹی اے کے مطابق فور جی لائسنس کی بولی میں حصہ لینے کیلئے تھری جی لائسنس لینا ضروری ہے جبکہ نیلامی کا عمل ایک سے دو روز یا اس سے بھی طویل ہو سکتا ہے ۔ کامیاب بڈرز کو 50 فیصد ادائیگی 30 دن اور بقایا ادائیگی پانچ سال میں مساوی قسطوں میں کرنا ہوگی ۔ تھری اور فور جی لائسنس 15 سال کی مدت کے لیے جاری کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :