وفاقی وزیر داخلہ سے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ، حکومت مذاکراتی عمل میں تیزی لانے کی کوشش کر رہی ہے ،حکومتی پالیسی سے خطے میں امن قائم ہوگا ، چوہدری نثار علی خان ،پاکستان خطہ میں پائیدار امن کیلئے نئی افغان حکومت کے ساتھ کام جاری رکھے گا ، وزیر داخلہ کی برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو

منگل 22 اپریل 2014 22:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت مذاکراتی عمل میں تیزی لانے کی کوشش کر رہی ہے ،حکومتی پالیسی سے خطے میں امن قائم ہوگا ، افغانستان میں امن پورے خطہ کے امن کی ضمانت ہے ، پاکستان خطہ میں پائیدار امن کیلئے نئی افغان حکومت کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔منگل کو برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور خطہ کی مجموعی سیکورٹی صورتحال بالخصوص فاٹا اور افغانستان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطہ کے امن کی ضمانت ہے اور پاکستان خطہ میں پائیدار امن کیلئے نئی افغان حکومت کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت کی مذاکرات کی پالیسی کے نتیجہ میں خطہ بالخصوص فاٹا میں پائیدار امن قائم ہو گا، حکومت مذاکراتی عمل میں تیزی لانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ بلاتاخیر مثبت نتائج حاصل کئے جا سکیں۔

(جاری ہے)

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عشروں پرانے سیاسی اور اقتصادی تعلقات ہیں جو اب خصوصی تعلقات میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے ایک دوسرے کے ممالک کے دورے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی سول آرمز فورسز کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے برطانوی تعاون کی تعریف کی۔ ہائی کمشنر نے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ان شعبوں کی بھی نشاندہی کی جہاں برطانیہ بھرپور تعاون کر سکتا ہے جن میں انسداد دہشت گردی، منشیات اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور پولیس کی استعداد کار میں اضافہ شامل ہے۔