وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس، صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، امن وامان کی صورتحال کومزید بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں‘ محمد شہبازشریف ،جرائم پیشہ گروہوں کی سختی سے بیخ کنی کی جائے،جرائم پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے‘ اجلاس سے خطاب

منگل 22 اپریل 2014 21:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت علی سطح کا اجلاس ہواجس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

قیام امن اورشہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ پولیس فورس کو جدید اسلحہ اورجدید تربیت سے آراستہ کیا جارہا ہے - پولیس عوام کے جان و مال اور عز ت و آبرو کے تحفظ کے لیے اپنے فرائض دیانتداری اورجانفشانی سے سرانجام دے۔ جرائم کی روک تھام اورامن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ پولیس جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائے اورجرائم پیشہ گروہوں کی سختی سے بیخ کنی کی جائے ۔انسپکٹر جنرل پولیس نے صوبے میں امن وامان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔