پاکستان ایچ آئی وی ایڈز سے متعلق مکمل آگاہی رکھتا ہے ، یو این ایڈز حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ کام کریگا ، اقوام متحدہ ، وفاقی حکومت صوبوں کی ضروریات میں مکمل معاونت فراہم کریگی

منگل 22 اپریل 2014 21:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2014ء) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ملک میں ایچ آئی وی ایڈز سے متعلق مکمل آگاہی رکھتی ہے  بین الاقوامی ادارہ یو این ایڈز حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ کام کریگا اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری ہان کی مون کے نمائندہ خصوصی برائے روک تھام ایڈز/ایچ آئی وی پرسادا راؤ اور سٹیوؤ کراس ڈائریکٹر ایشیا نے وزیر مملکت برائے صحت، نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

وزیر مملکت برائے صحت، نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ پرسادا راؤ کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان ملک میں ایچ آئی وی ایڈز سے متعلق مکمل آگاہی رکھتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ وہ بین الاقوامی اداروں (یو این ایڈز) وغیرہ سے مل کر صوبوں کو تمام تکنیکی اور دیگر وسائل فراہم کرے گی تاکہ اس مرض پر مکمل قابو پایا جا سکے۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیر مملکت برائے صحت، نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ کی توجہ پاکستان میں ایچ آئی وی ایڈز کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا اور زور دیا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر اس خطرناک مرض پر قابو پانے کے لئے اپنی پالیسیوں میں تمام افراد کو شریک کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بین الاقوامی ادارہ یو این ایڈز حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ کام کرے گا اور جہاں بھی ممکن ہوا تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

وفد نے وزیر مملکت برائے صحت، نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ کو یقین دلایا کہ تمام بین الاقوامی ادارے بشمول گلوبل فنڈ پر واضح کر دیا جائے گا کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام اور صوبائی حکومتوں کی آراء پر مشتمل اخراجات اور اس کے حساب کتاب کے احتساب میں مکمل معاونت فراہم کریں گے۔ وفاقی حکومت نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام اور صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرام کی سرگرمیوں کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔

وزیر مملکت صحت، نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے یو این ایڈ کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ صوبوں کی ضروریات میں مکمل معاونت فراہم کرے گی اور امید رکھے گی کہ تمام ادارے وفاقی اور صوبائی حکومت کو جواب دہ رہ کر اس خطرناک مرض پر قابو پائیں۔ اس موقع پر وفاقی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر جہانزیب اورکزئی اور نیشنل منیجر ڈاکٹر نصیر خان اچکزئی بھی موجود تھے۔