آفتاب شیرپاؤ نے صوبہ میں تین سو ڈیم بنانے کے دعوے کو مضحکہ خیز قراردیا،اعلان صوبے کے عوام کو سبز باغ دکھانے کے مترادف ہے،صوبائی حکومت 11ماہ میں کسی بھی شعبے میں تبدیلی نہیں لا سکی، جلسے سے خطاب

منگل 22 اپریل 2014 21:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2014ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاوٴ نے پی ٹی آئی کے سربراہ کی طرف سے صوبہ میں تین سو ڈیم بنانے کے دعوے کو مضحکہ خیز قراردیا اور کہا کہ یہ صوبے کے عوام کو سبز باغ دکھانے کے مترادف ہے کیونکہ صوبائی حکومت کی 11ماہ کی کارکردگی میں کسی بھی شعبے میں تبدیلی نہیں لائی جا سکی ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے عمرزئی چارسدہ میں قومی وطن پارٹی کے رہنماء و سابق ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی عالمزیب عمرزئی شہید کی برسی کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آفتاب شیرپاؤنے کہا کہ صوبے کے عوام نے پی ٹی آئی حکومت کی گیارہ مہینے گزرنے کے باوجود بھی کوئی تبدیلی محسوس نہیں کی اوریہی وجہ ہے کہ عوام ان سے مایوس ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مبہم اور غیر سنجیدہ پالیسیوں کی بدولت ان کے اپنے ہی ممبران اسمبلی ان سے بدظن ہو چکے ہیں جو پی ٹی آئی حکومت کی غلط طرز حکمرانی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انھوں نے صوبے میں تین سو ڈیم بنانے کے دعوے کو پر فریب نعرہ قراردیتے ہوئے کہاکہ یہ صوبے کی عوام کو ایک اور دھوکہ دینے کی کوشش ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بلند و بانگ دعوؤں اور وعدوں کے برعکس صوبہ میں ترقیاتی عمل کا نام و نشان نہیں ،لوڈشیڈنگ ،مہنگائی و بے روزگاری، پسماندگی اورامن و امان کی بدترین صورتحال کی وجہ سے عوام کا جینا دوبھر چکا ہے۔

انھوں نے کہا کہ احتساب کمیشن کی تاحال عدم تشکیل صوبائی حکومت کی غیر سنجیدگی کامظہر ہے۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ سابق چیف سیکرٹری کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بھجوایا گیا خط پی ٹی آئی حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے جس نے پی ٹی آئی کی اچھی حکمرانی کا پول کھول دیاہے۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں امن و امان کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے یہ مسئلہ مزیدسنگین ہورہا ہے ۔

انھوں نے بڈھ بیراور چارسدہ میں پولیس اہلکاروں کے گاڑیوں پر بم دھماکے کی شدید مز مت کی اور ان واقعات میں جاں بحق اور زخمیوں ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔آفتاب شیرپاؤ نے شہید عالمزیب عمرزئی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے جنھوں نے جان فشانی ، انتھک محنت اور بے لوث خدمت کے ذریعے سیاسی میدان میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔

انھوں نے شہید عالمزیب عمرزئی کی جدوجہد کو پارٹی کارکنوں کیلئے مشعل راہ قراردیا اور کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے رہنماء پارلیمانی لیڈر سکندر شیرپاؤ ،ارشد خان عمرزئی ایم پی اے، سلطان خان ایم پی اے ، خالد خان ایم پی اے، عبدلکریم خان ایم پی اے، ہاشم بابر، اسد آفریدی، طارق احمد خان،فقیر حسین ، نثار خان ایڈوکیٹ اور ضلع چارسدہ کے پارٹی رہنماء بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :