متحدہ قومی موومنٹ سندھ حکومت کا حصہ بن گئی

منگل 22 اپریل 2014 20:53

متحدہ قومی موومنٹ سندھ حکومت کا حصہ بن گئی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ سندھ حکومت کا حصہ بن گئی پہلے مرحلے میں دو وزراء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔متحدہ قومی موومنٹ بلآخرسندھ حکومت کا حصہ بن گئی ہے اور پہلے مرحلے میں دو صوبائی وزرا نے حلف اٹھا لیا جن میں رؤف صدیقی اور ڈاکٹر صغیر احمد شامل ہیں ، حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنرڈاکٹر عشرت العباد نے ان سے حلف لیا، تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ،سابق وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک جبکہ ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار اورخالد مقبول صدیقی شریک تھے۔

رؤف صدیقی اور ڈاکٹر صغیر احمد کو ان کے عہدے کا قلمدان ابھی سونپا نہیں گیا جبکہ فیصل سبزواری اور عادل صدیقی کو وزیراعلیٰ سندھ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے اور عبدالحسیب وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ہوں گے۔

(جاری ہے)

تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی سیاسی دانشمندی سے ہم پھر ایک ہوگئے ،ایم کیو ایم کی حکومت میں شمولیت خوش آئند ہے،دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے قریب ہیں ہم پہلے کی طرح اب بھی مل کر صوبے و ملک کی خدمت کریں گے اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کا ملاپ سندھ اور پاکستان کے لیے خوشحالی ہے، ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بے نظیر کا پیغام مفاہمت کی سیاست لے کر چل رہے ہیں اور ان کا پیغام ہے کہ متحدہ سے مل کر امن وخوشحالی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری دوریاں ختم کرنےو الے انسان ہیں ان کی سیاست آگے چل کر نصاب کا حصہ بنے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی قیادت کے درمیان سندھ حکومت میں شمولیت کے لئے درپردہ مذاکرات جاری تھے اور اس سلسلے میں حال میں ہی ایم کیو ایم کے ایک وفد نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے دبئی میں ملاقات بھی کی تھی۔

متعلقہ عنوان :