سندھ ہائی کورٹ نے ترکش پاور پروڈیوسرکے تین جہازوں کے تخمینے کے حوالے سے حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

منگل 22 اپریل 2014 20:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے ترکش پاور پروڈیوسرکے تین جہازوں کے تخمینے کے حوالے سے حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فاروق چنہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ترکش پاور پروڈیوسر کے تین بحری جہاز ”کارکے “کا تخمینہ تقریباًایک کروڑ ڈالر ہے ۔

جبکہ حکومت نے ترکش پاور کمپنی سے 128ملین ڈالر کے ہرجانے کا دعویٰ کر رکھا ہے ۔عدالت نے باقی کے تین جہازوں کے تخمینے سے متعلق ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ۔گزشتہ سماعت پر سندھ ہائی کورٹ نے ترکش پاور پروڈیوسر ”کارکے“کا ایک بحری جہاز چھوڑنے کے حوالے سے ورلڈ بینک ٹریبونل کے احکامات پر عملدرآمد روک دیا تھا ۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کی طرف سے رینٹل پاور پر معاہدہ غیر قانونی قرار دیا گیا تھا جس کے بعد حکومت نے کارکے کمپنی پر 128ملین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کر رکھا ہے ۔

ان وجوہات کی بناء پر کارکے کمپنی کے چار جہازوں کو حکومت نے روک رکھا ہے ۔ورلڈ بینک ٹریبونل نے ان میں سے ایک بحری جہاز کارکے کو چھوڑنے کا حکم دیا تھا ۔سندھ ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ باقی تین جہازوں کی مالیت کا اندازہ لگانے کا حکم دیا تھا ۔اگر ان تین جہازوں کی مجموعی قیمت حکومت کے مجموعی دعوے کے برابر ہو تو چوتھے جہاز کو چھوڑدیا جائے ۔عدالت کے حکم پر کارکے کمپنی کے تین بحری جہازوں کی مالیت اور تخمینہ لگانے کے لیے 6بین الاقوامی سطح کے ماہرین مقرر کرنے کا حکم دیا تھا ۔عدالت کے احکامات پر وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی کے وکیل نے تین جہازوں کی تقریباً ایک کروڑ ڈالر کی مالیت کا تخمینہ عدالت میں پیش کیا جس پر عدالت نے تفصیلی رپورٹ اگلے ہفتے تک طلب کرلی ۔

متعلقہ عنوان :