کراچی، الیکشن ٹریبونل کے فیصلوں کے خلاف درخواستوں کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فریقین کو 29اپریل تک دلائل دینے کے احکامات جاری

منگل 22 اپریل 2014 20:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلوں کے خلاف درخواستوں کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق تمام فریقین کو 29اپریل تک دلائل دینے کے احکامات جاری کردیئے ۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فاروق علی چنہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پی ایس 93،پی ایس 22،پی ایس 85اور این اے 200سے متعلق الیکشن ٹریبونل کے فیصلوں کے خلاف دائر درخواستوں پر کیس کی سماعت کی ۔

دوران سماعت درخواست گذار پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی سردار علی گوہر مہر ،پاکستان تحریک انصاف کے پی ایس 93سے کامیاب امیدوار سید حفیظ الدین ،پاکستان پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدوار عبدالستار راجپر ،پی ایس 85سے پیپلزپارٹی کی رہنما سسی پلیجو اور دیگر کے وکلاء نے دلائل دیئے ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے تمام درخواستوں کو یکجا کرکے درخواستیں قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق تحریری دلائل طلب کرلیے ۔

جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے کامیاب امیدوار سید حفیظ الدین کی الیکشن ٹریبونل کے خلاف درخواست پر 6مئی تک جواب طلب کرلیا ۔تمام امیدواروں نے انتخابات میں دھاندلی اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق الیکشن ٹریبونل سکھر ،حیدر آباد اور کراچی کے فیصلوں کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے ۔

متعلقہ عنوان :