الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا میں بائیومیٹرک مشین استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

منگل 22 اپریل 2014 18:50

الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا میں بائیومیٹرک مشین استعمال نہ کرنے کا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2014ء) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران بائیو میٹرک مشین استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نجی ٹی وی کےمطابق اسلام آباد میں قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹں ناصر الملک کی سربراہی میں خیبرپختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے الیکشن کمشنر، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، ایم ڈی پرنٹنگ پریس سمیت نادرا حکام نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن شیر افگن نے کہا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے کو تیار ہے اوراس کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بائیومیٹرک کے ساتھ 5 ماہ جب کہ عام روٹین میں 45 دنوں میں الیکشن ہوں گے، بائیومیٹرک کی وجہ سے انتخابات تاخیر کا شکار ہوں لہذا انتخابات میں بائیومیٹرک مشین استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے صرف ہری پو ر کی تحصیل غازی میں آزمائشی طور پر بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے الیکشن کرائے جائیں گے۔