وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملا قات ، صوبے میں تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کردیئے گئے ہیں،جلد منصوبوں پر کام کا با قاعدہ آغاز شروع کردیا جائیگا ،وزیر اعلیٰ سندھ

پیر 21 اپریل 2014 22:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل۔2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پیر کی شام گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملا قات کی۔ دونوں رہنماؤں نے صوبے میں جاری سیاسی صوتحال ، امن و امان کے لئے کوششوں اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صوبے اور شہر کے وسیع تر مفادات میں تمام سیاسی جماعتوں سے باہمی ربط کو مزید موئثر بنایا جائے گا کیونکہ حکومت سمجھتی ہے کہ سیاسی ہم آہنگی قائم کرکے ہی صوبے اور شہر کو تیز رفتار ترقی دی جاسکتی ہے ۔

ملا قات میں وزیر اعلیٰ سندھ نے گورنر سندھ کو بتایا کہ صوبے میں تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کردیئے گئے ہیں جبکہ صوبے اور شہر میں عوامی فلاح و بہبود کے دیگر منصوبوں پر بھی غور کیا جارہا ہے جنھیں بہت جلد فائنل کرکے ان منصوبوں پر کام کا با قاعدہ آغاز شروع کردیا جائے گا ان منصوبوں سے عوام کو بے حد سہولیات حاصل ہوں گی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ منصوبے مقررہ وقت میں ہی مکمل کئے جاسکیں ۔

(جاری ہے)

صوبے اور شہر میں امن و امان کے حوالے سے جاری ٹارگیٹڈ کارروائیوں پر گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید موئثر بنایا جائے اور شہر کراچی میں حالیہ دنوں میں دہشت گردی کی نئی لہر میں ملوث عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ صوبے اور شہر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا انتہائی نا گزیر ہے اس ضمن میں انہو ں نے قانون نافذ کرنے اداروں # کو ہدایت کی کہ ٹارگیٹڈ کارروائیوں کے مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مزید متحرک کیا جائے اور آپس میں معلومات کا تبادلہ کرکے بھرپور ایکشن لیا جائے اس ضمن میں گورنر اور وزیر اعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت پوری یکسوئی سے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی ۔