کویت میں عدالت نے بغاوت کی سازش کی خبر دینے پر اخبار کو بندکر نے کاحکم دیدیا

پیر 21 اپریل 2014 14:38

کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21اپریل 2014ء)کویت میں ایک جج نے حکومت کے خلاف مبینہ بغاوت کی سازش کی خبر دینے پر دو اخبارات کو عارضی طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق الوطن اور عالم الیوم نامی اخبارات میں ایک ایسی ویڈیو ٹیپ کی تفصیلات شائع ہوئی تھیں جن میں دو سابق سینئر افسران کو حکومت کا تختہ الٹنے کی منصوبہ بندی کرتے دیکھا جا سکتا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ان دونوں اخبارات کی اشاعت دو ہفتے کے لیے معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔الوطن کے مدیر نے کہا ہے کہ وہ اس معطلی کے خلاف اپیل کریں گے۔ مدیر نے بتایا کہ میرے خیال میں ہم نے کسی اور اخبار کے مقابلے میں اس ٹیپ کے بارے میں زیادہ بات نہیں کی۔کویتی اخبارات میں ملک کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی حکومت کے خلاف بغاوت کے منصوبے والی اس ٹیپ کی خبریں رواں سال کے آغاز سے ہی گردش میں ہیں۔حال ہی میں امیر کے دفتر کی جانب سے ایک بیان میں ذرائع ابلاغ سے کہا گیا تھا کہ وہ اس موضوع پر مزید بحث نہ کریں۔