ڈاکٹرز کا پینل آج سابق صدر کا طبی معائنہ کرے گا

پیر 21 اپریل 2014 12:08

ڈاکٹرز کا پینل آج سابق صدر کا طبی معائنہ کرے گا

کراچی:(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21اپریل 2014ء) کراچی میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی رہائش گاہ کے اطراف دوسرے دن بھی سخت سیکورٹی انتظامات برقرار ہیں۔ ڈاکٹرز کا پینل آج سابق صدر کا طبی معائنہ کرے گا جبکہ بیرسٹر فروغ نسیم کی بھی ملاقات متوقع ہے۔ سابق صدر پرویز مشرف کی رہائش گاہ زمزمہ جرنلز کالونی کے اطراف سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات برقرار ہیں۔

(جاری ہے)

رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ سادہ لباس اہلکار بھی تعینات ہیں۔ وقفے وقفے سے رینجرز کی پٹرولنگ بھی جاری ہے۔ جرنلز کالونی کے اطراف کی سڑکوں کو کنٹینر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کیا گیا ہے۔ پولیس کی نصف درجن سے زائد موبائلز بھی تعینات ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کا پینل آج سابق صدر کا طبی معائنہ کرے گا۔ پرویز مشرف سے ان کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم بھی ملاقات کریں گے۔ سابق صدر سے ان کے احباب کی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔