سیالکوٹ، لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کیخلاف وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی رہائش گاہ کے باہر سینکڑوں افراد کااحتجاجی مظاہرہ

اتوار 20 اپریل 2014 22:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء) لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف سیالکوٹ میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی رہائش گاہ کے باہر سینکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور اس مظاہرہ کے دوران احتجاج کرنے والے ایک شہری کی ٹانگ بھی ٹوٹ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈیفنس ہیومن رائٹس کے ڈائریکٹر کامران کی قیادت میں سینکڑوں افراد ریلی کی شکل میں وفاقی وزیردفاع خواجہ محمد آصف کے گھر کے باہر پہنچے اور یہاں چار ماہ سے لاپتہ حافظ عبدالجبار شاکر اور محمد وقاص کی عدم بازیابی کے خلاف نعرے بازی کی ۔

احتجاج کرنے والا ایک شہری فواد وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی رہائش گاہ کے باہر لگے ہوئے بیرئیر کو پھلانگتے ہوئے گر کر زخمی ہوگیا جس کے بارے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے ۔پولیس کی بھاری نفری بھی اس موقعہ پر موجود تھی ۔بعدازاں لاپتہ افراد کے حوالے سے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کے بعد احتجاج کرنے والے پر امن طور پر منتشر ہوگئے ۔