خود کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے ،ہو سکتا ہے اسمبلی سے باہر بھی آ جاؤں ‘ شیخ رشید،اپوزیشن جمہوریت کو بچانے کیلئے بھی اکٹھی ہو سکتی ہے ،سربراہ عوامی مسلم لیگ

اتوار 20 اپریل 2014 22:16

خود کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے ،ہو سکتا ہے اسمبلی سے باہر بھی آ جاؤں ‘ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن جمہوریت کو بچانے کیلئے بھی اکٹھی ہو سکتی ہے ، خود کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہو سکتا ہے اسمبلی سے باہر بھی آ جاؤں ،پہلے بھی کہا تھاکہ حکومت اور فوج کے معاملات گڈی گڈی نہیں اب بھی دو سے تین ماہ انتہائی مشکل ہیں اور بات نکلی تو دور تلک جائے گی ، ضیاء الحق کے سامنے کھڑے ہو کر نعتیں پڑھنے والے آج فوج سے کہہ رہے ہیں کہ میرے خلاف ایکشن لے ۔

نجی ٹی وی کو انٹر ویو میں شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگ کو بھارت کی عام پارٹی سے تشبیہ دی جا سکتی ہے ۔ پارلیمنٹ میں موجود اپوزیشن جماعتوں کو اب اکٹھا ہونا ہوگا ۔ ضروری نہیں کہ اپوزیشن کسی کو نقصان پہنچانے کے لئے ہی اکٹھی ہو ،جمہوریت کو بچانے کے لئے بھی اپوزیشن اکٹھی ہو سکتی ہے اور اسے ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ میرے ٹی وی ٹاک شوز بھی بند کر ا دئیے جائیں لیکن ایسا ہو اتو میں سیاسی سوچ بند کر دوں گا ۔

انہوں نے کہا کہ میں روزانہ ٹی وی پر آ کر ایک گھنٹے عوام کو فکری سوچ دیتا ہوں اب میں نے خود کو بھی آزمانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہو سکتا ہے کہ اسمبلی سے بھی باہر آ جاؤں ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پر فرد جرم ایک انڈر اسٹیڈنگ تھی لیکن معاملہ اس وقت خراب ہوا جب ایک گریڈ سترہ کے ملازم نے درخواست مسترد کر دی ۔ انہوں نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے سوال کہا کہ کسی کو پتہ نہیں کہ اسکے کیا نتائج نکلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم ذہنی مریض بن گئی ہے اور پاکستان میں ڈپریشن کی جتنی ادویات استعمال ہوتی ہیں پوری دنیا میں شاید ان کا اتنا استعمال نہیں ہوتا ۔