ڈاکٹر اقبال چوہدری ملک کے سب سے زیادہ ثمرآور محقق قرار دے دیے گئے ،فیصلہ 1700متحرک سائنسدانوں کے درمیان ہوا ہے، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا بیان

اتوار 20 اپریل 2014 20:38

ڈاکٹر اقبال چوہدری ملک کے سب سے زیادہ ثمرآور محقق قرار دے دیے گئے ،فیصلہ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء) پاکستان کونسل برائے سائنس اور ٹیکنالوجی (پی سی ایس ٹی)، اسلام آباد نے اپنی نئی تحقیق کے مطابق بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری کو پاکستان کا سب سے زیادہ ثمرآورسائنسدان قرار دے دیاہے۔ پاکستان کونسل برائے سائنس اور ٹیکنالوجی نے حال ہی میں پروڈکٹو سائنٹسٹ آف پاکستان 2013-14 کے عنوان سے اپنی نئی ڈائریکٹری کی اشاعت کی ہے جس میں پاکستان کی سرکاری اور غیرسرکاری جامعات، کالجوں اور تحقیقی اداروں میں کام کرنے والے 1700 سب سے زیادہ پروڈکٹو محقیقین و سائنسدانوں میں پروفیسر اقبال چوھدری کو اول قرار دیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری کا تعلق شعبہ کیمیا سے ہے جبکہ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے سربراہ کی حیثیت میں وہ ایچ ای جے ریسر چ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری سمیت ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جیسے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی رہنمائی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ایک آفیشل کے مطابق پاکستان کونسل برائے سائنس اور ٹیکنالوجی سائنسدان کو اسکے منصب اور کارکردگی سے جانچتی ہے جس میں ملکی و غیر ملکی سطح پرتحقیقی اشاعتیں، کتب کی تصنیف و ادارت، پی ایچ ڈی، ایم فل اور ایم ایس سی طلبہ و طالبات کی رہنمائی، بین الاقوامی ایوارڈ، ریسرچ گرانٹ کے حصول کی کامیابی، تحقیقی جرائد کا امپیکٹ فیکٹر، سائٹیشن کے اعدادوشمار وغیرہ شامل ہیں۔

انھوں نے کہا ان تمام معیارات کی روشنی میں پروفیسرڈاکٹر اقبال چوھدری کو ملکی سطح پراول سائنسدان قرار دیا گیا ہے، انھوں نے کہا اسکے علاوہ چھ سے زائد سائنسدانوں کے نام جو آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی سے وابستہ ہیں علم کیمیا کے شعبے میں سب سے زیادہ ثمرآور محقیقین کی فہرست میں شامل ہیں، اس فہرست کے مطابق ڈاکٹر سید غلام مشرف ثمرآور محقیقین کے درمیان 17ویں نمبر پر ہیں جبکہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمٰن 20ویں، ڈاکٹر ظہیرالحق 24 ویں، پروفیسر ڈاکٹرخالد محمد خان 28 ویں، ڈاکٹر محمد رضا شاہ 52 ویں اورپروفیسر ڈاکٹر وقارالدین احمد 92 ویں نمبر پر فائز ہیں۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی سے وابستہ ان تمام سائنسدانوں کو ان کی کامیابی پرمبارکباد پیش کی ہے۔

متعلقہ عنوان :