طاقت کے استعمال سے ملک میں امن نہیں آسکتا،راجہ ظفرالحق، تمام سیاسی قائدین اور پاک فوج کو اعتماد میں لیکر مذاکرات کا راستہ اختیار کیا، نواز شریف نے ڈرون حملے بند کروائے، دورہ چین کامیاب رہا،چین کی مدد سے گوادر پورٹ بنائی جائے گی، خواجہ سعد رفیق کی محنت سے ریلوے کے کرائے کم اور آمدن بڑھ گئی ہے، حلقہ میں ٹیم ورک کے تحت ترقیاتی کام مکمل کرائیں گے ،مرکزی مقام نارہ میں جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال بنایا جائے گا،تقریب سے خطاب

اتوار 20 اپریل 2014 20:22

کہوٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء) چےئرمین مسلم لیگ ن سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے ملک میں امن نہیں آسکتا۔ پرویز مشرف کی حکومت نے طاقت کے استعمال میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ اکبر بگٹی کو بلا ضرورت شہید کیا۔ جس کا کوئی جواز نہ تھا۔ میاں نواز شریف نے تمام سیاسی قائدین اور پاک فوج کو اعتماد میں لیکر مذاکرات کا راستہ اختیار کیا۔

میاں نواز شریف نے ڈرون حملے بند کروائے دورہ چین کامیابی سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے مکمل کیا چین کی مدد سے گوادر پورٹ بنائی جائے گی۔ خواجہ سعد رفیق کی محنت سے ریلوے کے کرائے کم اور آمدن بڑھ گئی ہے۔ حلقہ میں ٹیم ورک کے تحت ترقیاتی کام مکمل کرائیں گے مرکزی مقام نارہ میں جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار چےئرمین مسلم لیگ ن سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق، ممبران صوبائی اسمبلی راجہ محمد علی ، ثوبیہ ستی، لبنیٰ ریحان، بلال یامین ستی، راجہ سجاد حیدر، راجہ محمد بشیر، ڈاکٹر عارف قریشی، حکیم برکت، راجہ بابر اقبال اور دیگر نے نارہ تا بھگون سڑک کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ کیپٹن (ر) بلال ہاشم، تحصیل میونسپل آفیسر سید امیر احمد شاہ ہمدانی، سابق ناظم یو سی سکوٹ راجہ محمد ندیم، سابق ناظم یوسی مٹور راجہ سردار الیاس اختر، صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ راجہ رفاقت جنجوعہ، مسلم لیگی کارکن راجہ مسعود آف گوہڑہ راجگان، راجہ فیاض آف گوہڑہ راجگان اور دیگر موجود تھے۔ مذکورہ سڑک کیلئے ایم پی اے ثوبیہ انور ستی نے پچاس لاکھ کی گرانٹ فراہم کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک میں دہشت گردی، بے روزگاری، توانائی، بحران عروج پر تھا۔ میاں محمد نواز شریف نے تمام جماعتوں کے رہنماؤں کو وزیر اعظم ہاؤس بلایا جس میں سب نے اتفاق کیا کہ طاقت کے استعمال سے ملک میں امن نہیں آسکتا۔ دہشت گردی کی وجہ سے 35سے 40ہزار سرکاری افواج کے لوگ شہید ہوئے۔

اور سویلین اس سے بڑھ کر مارے گئے۔ مساجد پر بمباری، خودکش حملے اور شادی بیاہ کے اجتماعات میں دھماکوں کی وجہ سے دنیا بھر میں یہ مشہور ہو گیا کہ پاکستان غیر محفوظ علاقہ ہے جس کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاروں نے پاکستان سے سرمایہ منتقل کر دیا۔ اور پاکستان کمزور ہوتا گیا۔ دو ماہ سے ڈرون حملے بند ہونا میاں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی حکومت کا کارنامہ ہے۔

میاں نواز شریف کے چین کے موقع پر چین نے گوادر بندرگاہ بنانے کی حامی بھری ہے۔ جس سے تجارت کیلئے گزرنے والے قافلوں سے ٹول لیکر پاکستان خوشحال ہو گا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی راجہ محمد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دس ماہ کے عرصہ میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام مکمل کرائے متعدد سرکاری سکولوں کو اَپ گریڈ کروایا مسلم لیگ ن کی رہنما ایم پی اے ثوبیہ ستی نے کہا کہ آج جس سڑک کا افتتاح سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کیا یہ سڑک میرے نانا مرحوم کرنل(ر) بلال یامین سابق صوبائی وزیر نے بنوائی تھی۔

مجھے فخر ہے کہ میں نے اسی سڑک کیلئے پچاس لاکھ کے فنڈز دلوائے۔ سابق امیدوار صوبائی اسمبلی پنجاب بلال یامین ستی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میاں محمد شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب کو راجہ محمد ظفرالحق کہوٹہ لائیں۔ بلال یامین ستی نے مزید کہا کہ حلقہ میں ترقیاتی کاموں کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق نائب ناظم نارہ راجہ سجاد حیدر، حکیم برکت اور صوفی عبدالرحیم نے نارہ کے مسائل بیان کیے اور کہا کہ نارہ میں بنیادی مرکز صحت کی عمارت تباہ حال ہے۔

اور کرائے کی عمارت میں BHUقائم ہے صحت کی کوئی سہولت میسر نہ ہے واٹر سپلائی سے یونین کونسل نارہ محروم ہے۔ جبکہ عملہ صفائی کی بھی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر ماسٹر (ر) محمد یونس ، شوکت علی نوشاہی، راجہ بابر اقبال سابق ناظم لہڑی، ڈاکٹر عارف قریشی، راجہ محمد بشیر، نے بھی خطاب کیا۔