صوبہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریونیو محصولات کا ٹارگٹ تقریبا تین ارب روپے نو ماہ کے اندر پورا کرلیا گیا ہے‘صوبائی وزیر مال، آئندہ مالی سال میں ریو نیو وصولی کا حدف تین ارب روپے سے بڑھا کر پانچ ارب تک کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے،سردار علی امین خان گنڈہ پور

اتوار 20 اپریل 2014 16:22

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء)صوبائی وزیر مال سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ صوبہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریونیو محصولات کا ٹارگٹ تقریبا تین ارب روپے نو ماہ کے اندر پورا کرلیا گیا ہے جو حکومت کی کامیابی اور تبدیلی کی واضح مثال ہے ،کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ مال میں کرپشن کے خاتمہ کا اس سے بڑا کیا ثبوت ہوگا کہ نو ماہ کے عرصہ میں رواں مالی سال کے بجٹ میں مختص کئے گئے ٹارگٹ کو نوماہ میں پورا کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمیشہ صوبہ میں محکمہ مال کے اہلکاروں کی کرپشن کی وجہ سے محصولات سرکاری خزانے کے بجائے اہلکاروں ا ور افسران کی جیب کی نذر ہوتی تھی، تحریک انصاف کی حکومت نے کرپشن کے خاتمہ کے لیئے عملی اقدامات اٹھائے جس کے نتیجہ میں محکمہ مال میں انتقالات کی فیس کی مد میں ایک ارب گیارہ کروڑ، رجسٹریشن کی مد میں اسی کروڑ، لینڈ ٹیکس کی مد میں بائیس کروڑ، کیپیٹل ویلیو ٹیکس کی مد میں اکیس کروڑ، سٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں ساٹھ کروڑ روپے وصول کئے گئے اور آئندہ مالی سال میں ریو نیو وصولی کا حدف تین ارب روپے سے بڑھا کر پانچ ارب تک کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم دعووں کے بجائے نتائج دینے کی سیاست کو روشناس کرا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک کی رپورٹ کے مطابق چاروں صوبوں میں سے سب سے زیادہ منافع کا بجٹ خیبر پختونخواہ حکومت کا رہا ہے جو حکومتی نظام کی شفافیت کی مرہون منت ہے، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسما عیل خان میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کورٹر ٹیچنگ ہسپتال کے لیے مجموعی طور پر چھ سو آسامیوں کی منظوری حاصل کرلی گئی ہے جس میں سے تین سو سے زائد پوسٹیں درجہ چہارم ملازمین کی ہیں،اسی طرح گومل میڈیکل کالج کی عمارت کی تکمیل اور دیگر ضروری سہولیات و آلات کی خریداری کے لیئے ایک سو چونسٹھ کروڑ روپے کی رقم کی پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ سے منظوری دی جا چکی ہے، اور رقم محکمہ تعمیرات عامہ کے حوالے کردی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسما عیل خان کا سیوریج سسٹم کے دیرینہ مسئلہ کے حل کے لیئے صوبائی حکومت نے دوارب کے تخمینہ لاگت میں سے ابتدائی طور پر پچاس کروڑ روپے کی رقم ریلیز کردی ہے، اس ضمن میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے فزیلیبیٹی رپورٹ کی تیاری کے لیئے محکمہ پبلک ہیلتھ کو ہدایا ت جاری کردی ہیں ، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسما عیل خان میں گنجان آبادی کے گھروں کو سیوریج سسٹم سے ممکنہ نقصانات سے بچانے کے لیئے فرانس کی جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال میں لانے کا منصوبہ زیر غور ہے جس کے تحت گنجان آبادی میں مکانات کو نقصان پہنچائے بغیر آٹھ سے دس میٹر زیر زمین سیوریج لائن بچھائی جائے گی، جبکہ ڈیرہ اسما عیل خان کی نواحی آبادیوں توصیف آباد، ڈیوالہ، بستی استرانہ، مریالی اور ملحقہ آبادیوں کے لیئے د س کروڑ روپے سیوریج کے لیئے علیحدہ مختص کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ سرکلر روڈ کے اندر شہر کے چاروں بازاروں کی مرمت کے لیئے تین کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں، اس سلسلے میں کنسلٹنٹ شارٹ لسٹ کئے جا رہے ہیں اور ضروری پیپر ورک کے بعد اس پر کام کا آغاز کردیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے انتخابی مہم میں عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں نہ صرف نبھانے کے لیئے سرگرم عمل ہیں بلکہ اس سے بھی بڑھ کر صوبہ اور عوام کی خدمت کی منصوبہ بندی کررہے ہیں-