صوبہ سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں ایک دفعہ پھر سے گرمی کی لہر میں اضافہ،پنجاب میں موسم قدرے بہتر اور خیبر پختوخوا میں آبر آلود رہا ، کوئٹہ،ژوب، قلات، مکران حیدر آباد،سکھر ،کراچی اورلاڑکانہ ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اتوار 20 اپریل 2014 16:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء) صوبہ سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں ایک دفعہ پھر سے گرمی کی لہر میں اضافہ ہوگیا ،پنجاب میں موسم قدرے بہتر اور خیبر پختوخوا میں آبر آلود رہا جبکہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کوئٹہ،ژوب، قلات، مکران حیدر آباد،سکھر ،کراچی اورلاڑکانہ ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر ، گلگت بلتستان، اسلام آباد،راولپنڈی ، گوجرانوالہ، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے آئندہ دو روز میں بلوچستان، سندھ میں کہیں کہیں تیز ہوائیں چلنے اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، حیدرآباد، سکھر، کراچی اور لاڑکانہ ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر،گلگت بلتستان ،اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے بھی چندمقامات پر بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (کل)پیر کو بلوچستان اور سندھ میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا ،اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر ،گلگت بلتستان اور بالائی سندھ میں چندمقامات پر کہیں کہیں بارش ہوئی،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش لاہور ایئر پورٹ پر 73 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔