نریندر مودی نے کشمیر پر بات کے لئے نمائندے بھیجے،علی گیلانی

ہفتہ 19 اپریل 2014 17:22

نریندر مودی نے کشمیر پر بات کے لئے نمائندے بھیجے،علی گیلانی

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اپریل 2014ء)مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے اپنے نمائندوں کے ذریعہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد کی خواہش ظاہر کی ہے،تاہم انہوں نے ان کی تجویز مسترد کردی۔نئی دلی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما سید علی گیلانی نے بتایا کہ 22مارچ کو دو افراد مجھ سے ملنے آئے تھے،یہ ہمارے پنڈت بھائی تھے ،وہ کشمیر کے تنازع حل میں میری مدد چاہتے تھے ،تاہم سید علی گیلانی نے ان افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ۔

انہوں نے کہا کہ ان افراد نے کہا کہ اگر وہ چاہیں تو مودی سے بات کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں افراد نے مجھے پیغام دیا کہ اگر میں کسی مدد کے لئے تیار ہْوں تو میں نریندر مودی سے براہ راست رابطہ کرسکتا ہوں اور کشمیر کے مسئلہ پر ان سے کچھ وعدے لے سکتا ہوں۔

(جاری ہے)

علی گیلانی کہا کہ انہوں نے اس تجویز کو رد کردیا اور نمائندوں سے کہا کہ مودی آر ایس ایس کے آدمی ہیں اور اب بھی ان کی یہی شناخت ہے اور ہرشخص آر ایس ایس اور بی جے پی کی کشمیر پالیسی سے آگاہ ہے،جس کی مودی نمائندگی کر رہے ہیں۔

میں نے نمائندوں کو 2002 کے گجرات فسادات کے دوران بطور وزیر اعلیٰ مودی کے کردارکے بارے میں بتایا کہ کس طرح اس دوران 3ہزار مسلمانوں کا قتل عام کیاگیا۔حریت رہنما کا کہنا تھا کہ انہوں نے نمائندوں سے کہا کہ ہے مودی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کبھی نرمی یا سنجیدگی نہیں دکھا سکتے۔