محکمہ پولیس ، خیبر پختونخوا چیمبر اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ممبران پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام پر اتفاق ،بھتہ وصولی اور اغواء کی وارداتوں کے سدباب کے لئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر پیر تک خیبر پختونخوا چیمبر کے حوالے کرنیکا اعلان ، تاجر برادری کو بھتہ خوروں کی جانب سے پرچیوں کی وصولی شدید ذہنی اذیت کا باعث بنی ہوئی ہے ،چیمبرصدرزاہداللہ شینواری اوردیگرکااجلاس سے خطاب

جمعہ 18 اپریل 2014 22:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل۔2014ء) چیف کیپٹل پولیس اعجاز احمد اور خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مابین بھتہ وصولی اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کی نشاندہی ان کی روک تھام اور بزنس کمیونٹی کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے خیبر پختونخوا چیمبر  محکمہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ممبران پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوا ہے جبکہ سی سی پی نے بھتہ وصولی اور اغواء کی وارداتوں کے سدباب کے لئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر پیر تک خیبر پختونخوا چیمبر کے حوالے کرنیکا اعلان کیا ہے ۔

صنعتکاروں کے تحفظ کیلئے انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد کو ریڈ زون ڈکلیئر کیا جائے گا ۔ کاروباری طبقے کیلئے خیبر پختونخوا چیمبر کے سفارش کردہ زیر التواء اسلحہ پرمٹ جاری کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سیکورٹی آرڈیننس پر بزنس کمیونٹی کے تحفظات کو دور کیا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق چیف کیپٹل پولیس اعجاز احمد نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کے ڈی آئی جی محمد عالم شنواری  ایس ایس پی آپریشن نجیب الرحمان  ایس ایس پی ٹریفک خالد ہمدانی  ایس پی سٹی فیصل مختار اور دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ جمعہ کے روز خیبر پختونخوا چیمبر کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد شفیق  چیمبر کے سابق صدورملک نیاز احمد  شرافت علی مبارک  ایگزیکٹو ممبران محمد آصف خان  عابد اللہ اور چیمبر کے سینئر ممبران حاجی محمد اسرار  حاجی محمد افضل  ضیاء الحق سرحدی  لقمان شاہ  ندیم رؤف  مظہر الحق  صدر گل اور ملک محمد سوہنی سمیت صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں موجود تھے ۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس فورس کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے امن و امان کی ابتر صورتحال بالخصوص بھتہ وصولی اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کو صوبے کی بزنس کمیونٹی کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ تاجر برادری کو بھتہ خوروں کی جانب سے پرچیوں کی وصولی شدید ذہنی اذیت کا باعث بنی ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عدم تحفظ کا شکار کاروباری افراد صوبے سے اپنا سرمایہ منتقل کرنے پر مجبور ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کاروباری طبقہ اپنی حفاظت کے لئے خود انتظامات کرتا ہے جس سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے محکمہ پولیس سے مطالبہ کیا کہ بزنس کمیونٹی کی جان و مال کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے سیکورٹی آرڈیننس پر بزنس کمیونٹی کے تحفظات بیان کئے اور کہا کہ اس آرڈیننس کی بعض شقیں آئین اور قانون سے متصادم ہیں جس کے لئے اس آرڈیننس میں ترامیم کے لئے بزنس کمیونٹی سے مشاورت کی جائے ۔

انہوں نے دہشت گردی کی واقعات پر قابو پانے کے لئے شہر کی اہم شاہراہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور ریڈیو فریکونسی آئی ڈینٹیفیکیشن اینڈ ڈی ٹیکٹنگ سسٹم نصب کرنے کی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو خیبر پختونخوا چیمبر کی سفارش پر کلاشنکوف کے پرمٹ اور لائسنس کے اجراء کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر اور محکمہ پولیس کے مابین قائم لیزان کمیٹی کے باقاعدہ اجلاس منعقد کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہاکہ اس عمل سے کاروباری طبقے کے چھوٹے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

زاہداللہ شنواری نے شہر میں بے ہنگم ٹریفک پر قابو پانے کے لئے موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں خیبرپختونخوا چیمبر میں ٹریفک نظام کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا ۔ سی سی پی پشاور اعجاز احمد نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر کی سفارشات سے مکمل طور پر اتفا ق کیا اور کہا کہ محکمہ پولیس کاروباری طبقے کی جان و مال کے تحفظ اور شہر میں دہشت گردی کی وارداتوں پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن موثر اقدامات اٹھائے گی۔

اجلاس میں چیف کیپٹل پولیس اعجاز احمد اور خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری کے مابین بھتہ وصولی اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کی نشاندہی ان کی روک تھام اور بزنس کمیونٹی کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے خیبر پختونخوا چیمبر  محکمہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ممبران پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوا ہے جس کیلئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر ترتیب دیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کے تحفظ کیلئے انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد کو ریڈ زون ڈکلیئر کیا جائے گا جس کے لئے ایک داخلی اور خارجی راستہ مقرر کیا جائے گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا چیمبر کی سفارش پر کاروباری طبقے کو اسلحہ پرمٹ جاری کئے جائیں گے ۔انہوں نے سیکورٹی آرڈیننس پر بزنس کمیونٹی کے تحفظات کو دورکرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

سی سی پی اعجاز احمد نے خیبر پختونخوا چیمبر کی جانب سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کی تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ بزنس کمیونٹی کو جرائم پیشہ عناصر سے تحفظ دینے کے لئے موثر طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا ۔ اجلاس سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کے ڈی آئی جی محمد عالم شنواری نے بھی خطاب کیا اور بزنس کمیونٹی کے جان و مال کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :