صوبائی محتسب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک اڑھائی ہزا ر شکایت کنندگان کو ریلیف دیا ،بادشاہ گل وزیر،صوبائی محتسب کے ذریعے سرکاری محکموں کے خلاف شکایات اور حقوق حاصل کرنے کا طریقہ انتہائی آسان ہے ،صوبائی محتسب سرکاری ملازمین کی بھرتیوں ،پنشن اور بعض دیگر معاملات میں متعلقہ محکموں کی زیادتیوں کے مقدمات بھی نمٹا تا ہے

جمعہ 18 اپریل 2014 18:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل۔2014ء)خیبر پختونخوا کے محتسب باد شاہ گل وزیر نے کہا ہے کہ صوبائی محتسب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک اڑھائی ہزا ر شکایت کنندگان کو ریلیف دیا ہے۔ جبکہ103 شکایات متعلقہ اداروں کو بھجوائی گئیں ،سرکاری محکموں کے افسران کو چائیے کہ وہ صوبائی محتسب کے دفتر سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری جواب دیں کیونکہ اس ادارے کا مقصد کسی کو سزا دینا نہیں بلکہ شکایت کنندگان کو مفت اور فوری ریلیف فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ 2010 کو ایک ایکٹ کے تحت قائم کیا گیا تھا اور اس نے اب تک ہزاروں شکایت کنندگان کو ریلیف فراہم کیا ہے وہ جمعہ کے روز ڈی سی آفس ایبٹ آباد میں سول سو سائٹی اور سرکاری محکموں کے افسروں اور اہلکاروں سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے اور سماجی تنظیمیں اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو اس محکمے کی افادیت کے بارے میں آگاہ کریں تا کہ عوام کو اس ادارے کی اہمیت کے بارے میں علم ہو سکے۔

باد شاہ گل وزیر نے کہاکہ صوبائی محتسب کے ذریعے سرکاری محکموں کے خلاف شکایات اور حقوق حاصل کرنے کا طریقہ انتہائی آسان ہے کوئی بھی شکایت گذار کسی بھی محکمے کی زیادتی ،نااہلی یا کمزوری کے خلاف اپنی شکایات سادہ کاغذ پر لکھ کر یا ای میل کے ذریعے وضع کردہ بیان حلفی کے ساتھ بغیر کسی خرچ یا وکیل کے صوبائی حکومت کو پیش کر سکتا ہے ۔جو 6 ماہ کے اندر اندر اس پر فیصلہ کرنے کا پابند ہے۔

تا ہم انہوں نے بتایا کہ اب تک جو درخواستیں ادارہ کو موصول ہوئی ہیں ان پر تین ماہ یا اس سے بھی کم وقت میں فیصلے ہوئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ شکایت موصول ہوتے ہی اس پر کارروائی شروع کر دی جاتی ہے اور متعلقہ محکمے سے جواب طلب کیا جاتا ہے ۔اور بیشتر محکمے اسی مرحلے پر ہی اپنی غلطی تسلیم کر کے شکایت گذار کو ریلیف فراہم کر دیتے ہیں ۔اس سلسلے میں صوبائی محتسب سرکاری ملازمین کی بھرتیوں ،پنشن اور بعض دیگر معاملات میں متعلقہ محکموں کی زیادتیوں کے مقدمات بھی نمٹا تا ہے جن سے شکایت گذار کو ان کا حق ملتا ہے۔

صوبائی محتسب نے بتایا کہ تعلیم اور صحت کی خدمات اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے والے سرکاری محکموں کی ناقص کارکردگی کے خلاف درخواستیں بھی صوبائی محتسب کو پیش کی جا سکتی ہیں۔