گجوخان میڈیکل کالج صوابی کے قیام کے ضمن میں تمام متعلقہ محکمے قریبی رابطے استوار کرتے ہوئے کام کی رفتار تیز کریں،اسدقیصر، متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے وہ عوام الناس کے بہترین مفاد میں مذکورہ پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے ادارہ جاتی رابطوں میں قربت پیدا کریں،ایکسین سی اینڈ ڈبلیو کو ٹوپی ہسپتال اور باچاخان میڈیکل کمپلیکس کی اپ گریڈیشن سے متعلق آئندہ منگل کے دن محکمہ صحت کو بریفنگ بھی دینے کے احکامات جاری کئے

جمعہ 18 اپریل 2014 18:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل۔2014ء)سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ گجوخان میڈیکل کالج صوابی کے قیام کے ضمن میں تمام متعلقہ محکمے قریبی رابطے استوار کرتے ہوئے کام کی رفتار کو تیز کریں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گجوخان میڈیکل کالج کے قیام کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں محکمہ صحت، کمیونیکیشن اینڈورکس ، کنسلٹنٹس و دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی سپیکر نے اس موقع پر کہاکہ صوابی جیسے پسماندہ علاقہ میں عرصہ دراز سے ایک میڈیکل کالج کی اشد ضرورت تھی اس ضرورت کا احساس کرنے کے ساتھ ساتھ ضلع صوابی میں اعلیٰ تعلیمی و طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اپنے دیرینہ خواب کی تکمیل کے لئے منتخب ہونے کے فوراً بعد گزشتہ اے ڈی پی میں خطیر فنڈز مختص کروائے میں نے اپنے حصے کا کام کردیا اب محکمہ صحت سمیت متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام الناس کے بہترین مفاد میں مذکورہ پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ادارہ جاتی رابطوں میں قربت پیدا کریں اور مذکورہ کالج کی تعمیر کے راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور حب الوطنی کے جذبہ کے تحت دور کرکے کام کی رفتار کو تیز کریں سپیکر نے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرکے ان کی مشکلات کا ازالہ کرنا عوامی نمائندوں سمیت سرکاری محکموں کے حکام کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو تعلیم و صحت سمیت ہر شعبے میں سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے اجلاس کے دوران ایکسین سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گجوخان میڈیکل کالج کی تعمیر کے ضمن میں ٹینڈرز کے بعد ٹھیکیدار کے انتخاب کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے مذکورہ کالج کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو اپنی تمام تر صلاحیتیں کالج کے قیام کے ضمن میں رکاوٹوں کو دور کرنے پر فوکس کرنے کی بھی ہدایت کی گئی جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکنیکل کمیٹی کے اجلاس ہفتہ وار ی کی بنیاد پر تواتر سے منعقد کئے جائیں تاکہ غیر ضروری تاخیر کا تدارک کیا جاسکے سپیکرنے ایکسین سی اینڈ ڈبلیو کو ٹوپی ہسپتال اور باچاخان میڈیکل کمپلیکس کی اپ گریڈیشن سے متعلق آئندہ منگل کے دن محکمہ صحت کو بریفنگ بھی دینے کے احکامات جاری کئے۔