پشاور، غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں حاضر سروس ڈی ایس پی رجب علی گرفتارکرلئے گئے ، پشاور ہائی کورٹ کو ملزم کے بارے میں معصوم عوام کو حبس ِ بے جا میں رکھنے کی شکایات موصول ہوئیں ، ملزم نے بطور ایس ایچ او حیات آباد پشاور مبینہ طور پر مذکورہ اثاثے بنائے، ملزم کیخلاف نیب خیبر پختونخوا میں ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی تھی

جمعہ 18 اپریل 2014 18:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل۔2014ء) قومی احتساب بیوروخیبر پختونخوا نے غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں حاضر سروس ڈی ایس پی رجب علی کو گرفتار کر لیا۔ قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے جمعہ کے روزمبینہ طور پرکروڑوں روپے کے غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں حاضر سروس ڈی ایس پی خیبر پختونخوا پولیس رجب علی کو گرفتار کر لیا۔

وہ موجودہ وقت میں بطور ڈی ایس پی (سٹی) ضلع مردان تعینات تھے۔

(جاری ہے)

ملزم کے اثاثوں کے بارے میں اس وقت انکشاف ہوا جب پشاور ہائی کورٹ کو ملزم کے بارے میں معصوم عوام کو حبس ِ بے جا میں رکھنے کی شکایات موصول ہوئیں اور فاضل عدالت نے ملزم کی زیادتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے اثاثوں کی چھان بین کر نے کے لئے کیس ڈائریکٹر جنرل نیب خیبر پختونخوا کو بھیجا۔ فاضل عدالت کی ہدایات پر عمل درآمد کر تے ہوئے نیب خیبر پختونخوا نے انکوائری اور بعد ازں باقاعدہ تحقیقات کیں۔جس سے ان کی غیر قانونی اثاثوں کا پتہ چلا اور معلوم ہوا کہ ملزم نے بطور ایس ایچ او حیات آباد پشاور مبینہ طور پر مذکورہ اثاثے بنائے۔ ملزم کے خلاف نیب خیبر پختونخوا میں ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :