اسلام آباد ہائی کورٹ نے پوٹھوہار ریجن میں ہفتے میں تین دن سی این جی کی فراہمی کا عدالتی فیصلہ برقرار رکھا ،امید ہے عدالتی حکم پر عمل درآمد کرایا جائیگا ،عدالت نے توہین عدالت کی درخواست نمٹادی

جمعرات 17 اپریل 2014 23:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پوٹھوہار ریجن میں ہفتے میں تین دن سی این جی کی فراہمی کا عدالتی فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی ۔جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس ریاض احمد خان نے سوئی نادرن گیس پائپ لمیٹیڈ کے ایم ڈی کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کا احترام نہیں کیاجارہا‘ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرایا جائے ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران فاضل جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مجھے امید ہے عدالتی حکم پر عمل درآمد کرایا جائے گا ۔سماعت کے دوران ایس این جی پی ایل کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ عدالتی فیصلے پر عمل کیا جائے گا۔ عدالت نے ہفتے میں تین دن سی این جی کی فراہمی کا حکم برقرار رکھتے ہوئے سی این جی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ جو سی این جی ڈیفالٹر نہیں ہیں انہیں سی این جی فراہم کی جائے ۔عدالتی نے ایس این جی پی ایل کے وکیل کی یقین دہانی پر مقدمہ نمٹا دیا۔