بنوں جیل سے 15 خطرناک قیدی سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان منتقل

جمعرات 17 اپریل 2014 21:11

ڈیرہ اسماعیل خان(رحمت اللہ شباب.اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء) بنوں جیل سے 15 خطرناک قیدیوں کی سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان منتقلی کے بعد جیل کی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی۔ حفاظت کے لئے فوج کی پلاٹونیں طلب کر لی گئیں ہیں۔ بنوں جیل کی انتظامیہ نے ان 15 انتہائی خطرناک طالبان قیدیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کی سنٹرل جیل منتقل کر دیا ہے جن کی بنوں جیل میں موجودگی کے باعث جیل پر عسکریت پسندوں کے حملہ کا خطرہ تھا۔

ان 15 سزا یافتہ قیدیوں کو 10 مارچ کو سنٹرل جیل ڈیرہ بھجوایا گیا تھا۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان افتخار علی خان نے سنٹرل جیل کے اچانک دورہ کے دوران جیل کے حفاظتی انتظامات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے جیل کی حفاظت کے لئے دو پلاٹون فوج مانگ لی ہے۔

(جاری ہے)

سٹیشن کمانڈر کے نام لکھے گئے خط میں ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ جیل میں انتہائی خطرناک قیدی موجود ہیں جن کو چھڑانے کے دہشتگرد جیل پر حملہ کر سکتے ہیں۔

اس لئے جیل کی حفاظت کے فوج کی تعیناتی لازمی ہے۔ واضح رہے کے گزشتہ سال 29 جولائی کو مسلح دہشتگردوں کے لشکر نے سنٹرل جیل ڈیرہ پر حملہ کر کے 300 سے زیادہ قیدیوں کو چھڑا لیا تھا۔ قبل ازیں 2012ء میں اے این پی کی حکومت کے دوران بنوں جیل توڑی جس میں سے جنرل مشرف پر قاتلانہ حملہ کے مجرم عدنان رشید سمیت سنکڑون قیدی نکال لئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :