صوبائی حکومت سے عوام کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں ،شہرام خا ن ترکئی،عوام کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں، دکھی انسانیت کی خدمت اور صحت سے متعلق درپیش مسائل حل کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیرصحت خیبرپختونخوا

جمعرات 17 اپریل 2014 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان تراکئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سے عوام کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز خیبر میڈیکل کالج پشاور میں منعقدہ ایک کتاب”دی پرل آف آرتھوپیڈک ٹریننگ“ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں دوسروں کے علاوہ پرنسپل خیبر میڈیکل کالج ڈاکٹر اعجاز حسن،چیف ایگزیکٹو خیبر ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عنایت شاہ روغانی،کتاب کے مصنف ڈاکٹر بشیر اعوان و دیگر متعلقہ افسران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں کتاب کے مصنف نے کتاب سے متعلق مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر سینئر وزیر شہرام خان تراکئی نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور صحت سے متعلق درپیش مسائل حل کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کی وزارت انہوں نے چیلنج کے طور پر قبول کی ہے اور ذاتی مفاد ات کو بالائے طاق رکھ کر نیک نیتی اور خلوص دل سے اس محکمہ کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔سینئر وزیر نے ادارے اور ڈاکٹروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پوری ایمانداری اور لگن کے ساتھ مریضوں کے علاج معالجہ کا خیال رکھیں اور اس ضمن میں ڈاکٹروں کو کسی بھی قسم کے مسائل کا سامنا ہو تو صوبائی حکومت اس سلسلے میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت تبدیلی کا نعرہ لے کر آئی ہے اس لئے مذکورہ شعبہ کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی اور اچھے لوگوں کو سامنے لایاجائے گا۔تقریب کے اختتام پر خیبر میڈیکل کالج کے پرنسپل نے سینئر وزیر شہرام خان تراکئی اور کتاب کے مصنف کو شیلڈزپیش کیں۔

متعلقہ عنوان :