ڈیفنس ڈویژن اور ڈیفنس پروڈکشن ڈویژن کے 22 منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 66 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری

جمعرات 17 اپریل 2014 20:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء) وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے رواں مالی سال میں ڈیفنس ڈویژن اور ڈیفنس پروڈکشن ڈویژن کے 22 منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 66 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال 2013-14ء میں ان دونوں ڈویژنوں کیلئے 5 ارب 84 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے کراچی شپ یارڈ میں سول ورکس اور انجینئرنگ کیلئے 5 کروڑ 37 لاکھ روپے، کراچی میں شپس کی مرمت اور سہولیات کی فراہمی کیلئے 44 کروڑ 60 لاکھ روپے، مردان میں کلپانی نالہ پر فلڈ وارننگ سسٹم کی تنصیب کیلئے ایک کروڑ 14 لاکھ روپے، اے ایف آئی سی میں سہولیات کیلئے ایک لاکھ روپے، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کیلئے چار کروڑ 90 لاکھ روپے، نیشنل الیکٹرانکس کمپلیکس پاکستان نیسکام اسلام آباد کیلئے چار کروڑ 80 لاکھ روپے، پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کیلئے 55 لاکھ روپے، سی ایس او اسلام آباد کیلئے 12 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں۔