پنجاب حکومت کا نوجوانوں میں مہم جوئی کے جذبے کی تسکین کیلئے لاہور میں 64کنال سرکاری اراضی پر پنجاب ایڈونچر پارک کے قیام کا فیصلہ ، پارک میں 5ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش والا 32 کنال رقبے پر پھیلا ہوا سٹیڈیم تعمیرکیا جائے گا ‘صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد

بدھ 16 اپریل 2014 19:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل۔2014ء) حکومت پنجاب نے نوجوانوں میں مہم جوئی کے جذبے کی تسکین کے لئے ہربنس پورہ لاہور میں 64کنال سرکاری اراضی پر پنجاب ایڈونچر پارک کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، اس مجوزہ پارک میں 5ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش والا 32 کنال رقبے پر پھیلا ہوا سٹیڈیم تعمیرکیا جائے گا جس میں ”مڈٹریک“پر موٹر سائیکل ریس کے علاوہ دو پہیوں پر چلنے والی اس خطرناک سواری پر دیگر کرتب دکھانے کے شوقین موٹرسائیکل سواروں کے لئے مکمل حفاظتی انتظامات دستیاب ہوں گے، پنجاب ایڈونچر پارک کے باقی 32 کنال رقبے پر ”گو کارٹ کاروں “ کا ٹریک بنے گا۔

یہ بات صوبائی وزیرتعلیم و سیاحت رانا مشہود احمد خاں نے بدھ کے روز پنجاب ٹورازم کمپلیکس لاہور میں ایک اجلاس کے دوران بتائی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری ٹورازم پنجاب محمد خان کھچی اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹورازم جاوید اختر محمود جن کے پاس مینجنگ ڈائریکٹر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کا اضافی چارج بھی ہے‘ نے ہربنس پورہ لاہور اور جلوپارک ریزارٹ لاہور میں ٹی ڈی سی پی کی اراضی سے متعلقہ بعض تنازعات کے بارے میں سیاحتی کارپوریشن کے موقف سے وزیرسیاحت پنجاب کو آگاہ کیا۔

پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سیاحت کی چیئرپرسن محترمہ تحیا نون‘ رکن پنجاب اسمبلی رانا تجمل ‘ایڈیشنل سیکرٹری فاریسٹ میاں ابراراحمد اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں لاہورایکسپو سینٹر میں 19 اور 20 اپریل 2014ء کو منعقد ہونے والے دو روزہ لاہور انٹرنیشنل ٹورازم ایکسپو (LITE-2014) کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 19 اپریل کو لاہور ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر2 میں 10 بجے صبح افتتاحی تقریب کے بعد سیاحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز اور ان سے فائدہ اٹھانے کے مواقع پر کانفرنس منعقد ہو گی۔ 12 بجے دوپہر مہمانان خصوصی LITE میں لگائے گئے سٹالز کا دورہ کریں گے جبکہ شام کو 7 بجے ایکسپو سینٹر کے آڈیٹوریم نمبر 1 میں سپیشل کلچرل پرفارمنس ہو گی جس میں وقت کی گردش کے مخالف رخ میں گھومنے والے درویشوں کی پرفارمنس پر مشتمل ترک ثقافتی پروگرام اور چائنیز ڈریگن ڈانس کا مظاہرہ بھی شامل ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27 اکتوبر 2014ء کو ورلڈ ٹورازم ڈے کے موقع پر حکومت پنجاب کی ٹورازم پالیسی لانچ کر دی جائے گی۔ وزیرسیاحت پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ لاہور کے فنی تعاون سے اندرون شہر لاہور کا بہت بڑے سائز میں ماڈل تیار کرایا جائے جس میں شاہی قلعے‘ شاہی حمام‘ حویلی آصف جاہ اورمسجد وزیرخان سمیت لاہور کی اہم عمارتوں کی شان وشوکت اور آج سے 300سال قبل لاہور میں موجود شاہی گزرگاہ اور عوام کے زیراستعمال پرانے گلی کوچوں کو ایک ایک تفصیل کے ساتھ دکھایا جائے گا۔

اس ماڈل میں لاہور کے تمام قدیم دروازوں کے ساتھ ان دروازوں سے منسلک تاریخی حقائق چسپاں کئے جائیں گے اور والڈ سٹی لاہور میں صدیوں پہلے جو انڈرگراؤنڈ سرنگیں موجود تھیں‘ ان کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔ وزیرسیاحت نے اس معاملے میں تاریخی حقائق کے مطابق ماڈل کی تیاری کے لئے محترمہ تحیا نون کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا جس میں والڈ سٹی پراجیکٹ سے منسلک ماہرین آثار قدیمہ‘ ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی‘ مینجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی اور اندرون شہر لاہور سے تعلق رکھنے والی ان شخصیات کو بھی شامل کیا جائے گا جو لاہور کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

رانا مشہود احمد خاں نے ہدایت کی کہ اس منفرد ماڈل کی تیاری کا کام ورلڈ ٹورازم ڈے سے پہلے مکمل کیا جائے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ دنیا کے سامنے لاہور کے اس ماڈل کی رونمائی 27 اکتوبر کو ورلڈ ٹورازم ڈے کے موقع پر کی جائے۔

متعلقہ عنوان :