سری نواسن نے معطلی کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کردی

بدھ 16 اپریل 2014 12:36

چنائی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16اپریل 2014ء)بھارتی کرکٹ بورڈ کے معطل صدر سری نواسن نے عدالت میں اپنی معطلی کیخلاف درخواست دائر کردی ہے۔ اپنی درخواست میں انہوں نے کہاکہ میرے خلاف عائد کردہ الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کے ثبوت کوئی نہیں ہیں میں ان وجوہات سے قطعی بے خبر ہوں کہ کیوں معزز عدالت نے مجھے عہدے سے ہٹایا ہے۔ میری استدعا ہے کہ اس فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے آئین میں عبوری صدر مقرر کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ میرے عہدے کی مدت رواں برس ستمبر میں ختم ہونے والی ہے اس لیے میری گذارش ہے کہ مجھے اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے تک کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کرکٹ ایسوسی ایشن کے ارون ورما نے میرے خلاف درخواست بی سی سی آئی کے سابق صدر اے سی متیا کی ایما پر دائر کی ہے۔

(جاری ہے)

مجھے کرکٹ بورڈ کی سربراہی سے ہٹایا ہی نہیں جانا چاہیے تھا۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل کرپشن کیس کی سماعت لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے افتتاحی روز یعنی بدھ 16 اپریل کو ہوگی۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق بگ تھری پلان کی منظوری کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی کی مجموعی آمدنی سے ملنے والی 21 فیصد رقم ملے گی۔ جس کی بدولت بی سی سی آئی سے منسلک تمام ایسوسی ایشنز کو 15کروڑ روپے سالانہ اضافی حاصل ہوں گے۔